اسلام آباد (سپیشل رپورٹر، وقائع نگار) وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف کو ایک ارب ہرجانے کا نوٹس بھجواتے ہوئے جھوٹے اور من گھڑت الزامات فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔خواجہ آصف نے الزام عائد کیا تھا کہ زلفی بخاری نے زائرین کو تفتان سے پاکستان آنے کی اجازت دی اور بغیر ٹیسٹ کے ملک کے مختلف حصوں میں جانے دیا، جس سے ملک میں کورونا وائرس پھیلا۔زلفی بخاری نے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا تھا انہوں نے تفتان بارڈر کے ذریعے کسی کو پاکستان آنے کی اجازت دینے کے عمل میں اپنا اثر و رسوخ استعمال نہیں کیا ۔معاون خصوصی نے کہا لغو اور من گھڑت الزامات کے ذریعے خواجہ آصف نے میری ساکھ اور قومی مفادات پر کاری ضرب لگانے کی کوشش کی ہے ۔میں خواجہ آصف کو بھاگنے نہیں دوں گا، وہ علی الاعلان معافی مانگیں یا عدالتی کارروائی کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں۔خواجہ آصف کو الزامات کی واپسی اور معافی کیلئے 14 روز کی مہلت دی گئی ہے ۔دریں اثنا زلفی بخاری نے اپنی کارکردگی سے متعلق کہا کہ میری وزارت میں ساڑھے 9 لاکھ پاکستانیوں کو بیرون ملک روزگار میسر آیا، ستمبر 2019 میں پاکستانیوں نے ایک ارب 740 ملین ڈالرز کا زرمبادلہ بھیجا۔