کراچی ( کامرس رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں پیر کونومبر کے آخری کاروباری سیشن کے دوران مجموعی طور پر تیزی کا رجحان غالب رہا۔ کے ایس ای100انڈیکس 41ہزارکی نفسیاتی حدکو بحال کرتے ہوئے 261.73 پوائنٹس اضافے سے 41068.82پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا جبکہ62.5فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 34ارب25کروڑ27لاکھ روپے بڑھ گئی تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 2.32فیصد کم رہا۔پاکستان سٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغازمنفی زون میں ہوا اور سرمایہ کار ملتان میں اپوزیشن جماعتوں کے اجتماع کے نتیجے میں سیاسی درجہ حرارت بڑھنے کے پیش نظرسرمایہ کار تذبذب کا شکار نظر آئے جس کے نتیجے میں دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس 40669پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد ازاں سستے ہونے والے شیئرز کی خریداری شروع ہونے کے باعث ریکوری آئی جس کے نتیجے میں تیزی دیکھنے میں آئی اور آخر تک یہ رجحان غالب رہا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر 368کمپنیوں کا کاروبار ہوا ۔دریں اثناگزشتہ روزاوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید40پیسے کمی سے 159.80روپے سے گھٹ کر159.40 اور قیمت فروخت50پیسے کمی سے 160.30سے گھٹ کر159.80روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا15ڈالرکی کمی سے 1772ڈالر ہو گیا جس کے زیر اثر مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت1150روپے کی کمی سے 1لاکھ 8ہزار850روپے فی تولہ ہو گئی۔