کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو بھی تیزی کا سلسلہ برقرار رہا اور کے ایس ای 100انڈیکس مزید553.53پوائنٹس کے اضافے سے 30972.75پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا جب کہ 71.46 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیا گیا جس کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 83 ارب 32کروڑ99لاکھ روپے بڑھ گئے البتہ کاروباری حجم منگل کی نسبت5.62 فی صد کم رہا ۔ مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 553.53پوائنٹس کے اضافے سے 30972.75 پوائنٹس بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 320.85پوائنٹس اضافے سے 14668.48پوائنٹس،کے ایم آئی 30 انڈیکس 1149.55پوائنٹس اضافے سے 48844.84پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس299.21پوائنٹس اضافے سے 22572.38پوائنٹس پربندہوا ۔گزشتہ روز مجموعی طورپر347کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے 248کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ، 76 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ23کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ادھر انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر گھٹ گئی جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کی قدر بدستور مستحکم رہی۔ انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں7پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 158.67روپے سے کم ہو کر 158.60روپے اور قیمت فروخت158.77روپے سے کم ہو کر158.70روپے ہو گئی تاہم مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 158.50روپے اور قیمت فروخت 159روپے پر برقرار رہی۔دریں اثناعالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں کمی کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان رہا۔ صرافہ مارکیٹوں میں400روپے کی کمی سے ایک تولہ سونے کی قیمت 88ہزار100روپے ہو گئی اسی طرح342روپے کی کمی سے دس گرام سونے کی قیمت75ہزار532روپے پر آ گئی۔