لاہور،اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی،سٹاف رپو رٹر ، نامہ نگار، نیوزایجنسیاں ) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کیخلاف 12 پلاٹوں کی انکوائری بند کرنے کا حکم د یدیا۔احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے نیب کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ نیب ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا ایل ڈی اے بلڈنگ میں آتشزدگی کے باعث تمام ریکارڈ جل گیا۔شہباز شریف کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے ۔انکوائری میں نامزد میاں عطائاللہ اور میاں رضا عطا اللہ وفات پا چکے ۔ قانون کے مطابق دس دس مرلہ کے پلاٹ دینا تھے تاہم انہوں نے من پسند افراد کو ایک ایک کنال کے پلاٹ دیے اور جب نیب انکوائری شروع ہوئی تو یہ الاٹمنٹ منسوخ کر دی گئی۔احتساب عدالت نے شہباز شریف کیخلاف 12 پلاٹوں کی انکوائری بند کرنے کا حکم دیدیا۔ منی لانڈرنگ ریفرنس میں احتساب عدالت نے شہباز شریف کے جیل ٹرائل کیلئے ڈی جی نیب سے رپورٹ طلب کرلی۔ایڈمن جج جواد الحسن نے گذشتہ سماعت کا4 صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کیا جس میں کہا گیا جلد ٹرائل مکمل کرنے کیلئے جیل ٹرائل بہتر حل ہے ۔شہباز شریف اور حمزہ کی پیشی کے موقع پر عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ تحریری حکم میں کہا گیا نصرت شہباز کی حاضری معافی کی درخواست پر فیصلہ آئندہ سماعت پر کیا جائے گا۔احتساب عدالت نے موٹر سائیکل اقساط پر دینے کے فراڈ کیس کے ملزم مزمل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 نومبر تک توسیع کر دی۔ جج اکمل خان نے آئندہ سماعت پر دوبارہ گواہان کو بیان قلمبند کرانے کیلئے طلب کر لیا۔احتساب عدالت نے ایل او ایس گندا نالہ تعمیربے ضابطگی کیس میں سابق چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار اللہ سعید کے جوڈیشل ریمانڈ میں 11 نومبر تک توسیع کر دی۔ احتساب عدالت نے آصف ہاشمی کیخلاف بھرتی سکینڈل کیس کی سماعت 17 نومبر تک ملتوی کر دی اور آئندہ سماعت پر گواہان کو دوبارہ بیان قلمبند کرانے کیلئے طلب کر لیا۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے پنجاب بار کونسل کی ہڑتال کے باعث آشیانہ ہائو سنگ سکینڈل کیس کی سماعت 2 نومبر تک ملتوی کر دی۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے پیراگون ہائو سنگ سکینڈل میں وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کی میڈیکل رپورٹ پیش نہ کرنے پر ایم ایس سروسز ہسپتال کو 11 نومبرکو طلب کر لیا۔عدالت کو بتایا گیا پنجاب بار نے فرانسیسی صدر کی حضور صلی اللہ علیہ والہ و سلم کی شان میں گستاخی پر ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔عدالت نے قرار دیا یہ ہم سب کا مسئلہ ہے ، سماعت کسی اوردن رکھ لیتے ہیں۔ احتساب عدالت نے پنجاب رورل سپورٹ پروگرام میں کروڑوں روپے کی کرپشن پر نیب کی جانب سے دائر 5 ریفرنسز میں سابق سیکرٹری فنانس نذیر احمد کو 5سال قید،8 کروڑ جرمانہ اور تمام جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیدیا۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے میگامنی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی حاضری سے ایک روز استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی ۔ نیب کے گواہ جوائنٹ رجسٹرار ایس ای سی پی احسن اسلم نے بیان دوبارہ قلمبند کرایا ۔ گواہ احسن اسلم کا مکمل بیان ریکارڈ نہ ہو سکا۔عدالت نے گواہ کو آئندہ سماعت پر متعلقہ ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 5نومبر تک ملتوی کر دی ۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں آصف زرداری کی سیکرٹری رخسانہ بنگش کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 23 نومبر تک توسیع کر دی۔احتساب عدالت اسلام آباد نے نیب کو 17 نومبر تک سندھ بنک کیس میں ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیدیا۔