بیرن،اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں )نوبل انعام یافتہ سابق سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کوفی عنان 80برس کی عمر میں انتقال کر گئے ،وہ 1997ء سے 2006ء تک اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے پر فائز رہے ۔ عالمی میڈیا کے مطابق کوفی عنان کا مختصر علالت کے بعد ہفتہ کی صبح سوئٹزرلینڈ میں انتقال ہوا۔مرحوم 1938ء میں کوماسی میں پیدا ہوئے ، جسے اب گھانا کہا جاتا ہے ،2001ء میں اْنہیں اور اقوام متحدہ کو مشترکہ طور پرامن کے نوبل انعام سے نواز گیا تھا،وہ شام کے لیے خصوصی مندوب بھی رہے اورشام کے تنازعے کا پر امن حل تلاش کرنے کی کوششیں کرتے رہے ۔وزیر اعظم عمران خان نے کوفی عنان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا اقوام متحدہ کے مقاصد کی تکمیل اور عالمی امن کی استحکام کے لیے کوفی عنان کی گرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، کوفی عنان کی وفات سے دنیا ایک عظیم سفارت کار سے محروم ہو گئی ،وزیر اعظم نے کوفی عنان کے لواحقین سے افسوس و ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔دفتر خارجہ نے بھی کوفی عنان کے انتقال پر ان کے اہل خانہ، دوستوں اور اقوام متحدہ سے تعزیت کی ہے ۔