اسلام آباد( خبر نگار خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کی سائبر سپیس کو محفوظ بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام شہریوں، کاروبار اور سرکاری اداروں کے آن لائن ڈیٹا کے تحفظ اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں سائبر/انفارمیشن سکیورٹی کی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے افراد اور اداروں کی معلومات اور سائبر سپیس کی سکیورٹی کیلئے اقدامات پربریفنگ دی گئی۔ صدر نے کہا کہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے استعمال اور چوتھے صنعتی انقلاب سے افراد اور اداروں کیلئے سائبر حملوں کے خطرات بڑھ گئے ہیں، ان سے بچائو کیلئے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے تمام شراکت داروں کو ہدایت کی کہ ملک میں افراد اور اداروں کے مفادات سے متعلق پرائیویسی اور انفارمیشن کے تحفظ کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔ قبل ازیں صدر مملکت نے شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے آرمی کے جوانوں لیفٹیننٹ ناصر، نائیک عمران، سپاہی عثمان اور سپاہی ساجد کے لواحقین سے ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے شہدا کو اْن کی خدمات اور بہادری پر خراج عقیدت پیش کیا اوربلندی درجات کی دعاکی۔ صدرمملکت نے کہا کہ اللہ تبارک وتعالیٰ اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔