کراچی ،اسلام آباد(کامرس رپورٹر ،92 نیوز رپورٹ)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شیئرز کی خریدو فروخت کا ایک اورتاریخی ریکارڈ قائم ہو گیا ، سٹاک ایکسچینج میں ایک ہی روز میں2ارب سے زائد شیئرز کی خریدو فروخت کا نیا ریکارڈ قائم ہوا،پاکستان سٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں کسی ایک دن میں کاروبار کا یہ سب سے بڑا حجم ہے ، کاروباری حجم گذشتہ روز کے مقابلہ 42 فیصد زائد رہا۔ سٹاک ایکس چینج میں جمعرات کواتار چڑھا ئو سلسلہ جاری رہنے کے بعد مندی غالب آگئی اور کے ایس ای100انڈیکس 21.56پوائنٹس کی کمی سے 46790.75پوائنٹس کی سطح پر آگیا،55.78 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو30ارب 79کروڑ66لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑاتاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری سرگرمیاں عروج پر رہیں اور کاروباری حجم2ارب 22کروڑ56ہزار کی سطح عبور کرنے میں کامیاب ہوگیا جو کسی بھی ایک ٹریڈنگ سیشن میں ملکی تاریخ کا ریکارڈ کاروباری حجم ہے ۔ 432کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 173کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،241میں کمی اور 18کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔مندی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت80کھرب97ارب49کروڑ37لاکھ روپے سے گھٹ کر80کھرب66ارب69کروڑ71لاکھ روپے ہو گئی جبکہ امریکی ڈالر سمیت دیگر غیر ملکی کرنسیوں کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں ریکوری دیکھنے میں آئی ۔ انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید20پیسے کی کمی سے 154.75روپے سے گھٹ کر154.55روپے اور قیمت فروخت154.85روپے سے گھٹ کر154.65روپے ہوگئی جب کہ مقامی اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید30پیسے کی کمی سے 154.80روپے سے گھٹ کر154.50روپے اور قیمت فروخت 10پیسے کی کمی سے 155.10روپے سے گھٹ کر155روپے ہو گئی۔ فی تولہ سونے کی قیمت950روپے کی کمی سے ایک لاکھ 11ہزار800روپے ور دس گرام سونے کی قیمت815روپے کی کمی سے 95ہزار850روپے ہوگئی ۔