کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں دو روزہ تیزی کا تسلسل ٹوٹ گیا اور مندی کا رجحان غالب آگیا جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس 81.04پوائنٹس کی کمی سے 45230.18پوائنٹس کی سطح پرآ گیا جب کہ 58.28فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو 18ارب41کروڑ85لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بدھ کی نسبت 5کروڑ77لاکھ 63ہزار شیئرززائد رہا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر 374کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں 134کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 218میں کمی اور22میں استحکام رہا۔مندی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت79کھرب22ارب29کروڑ66لاکھ روپے سے گھٹ کر79کھرب3ارب 87کروڑ81لاکھ روپے ہوگئی ۔دریں اثنا ئانٹر بینک میں جمعرات کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں 10پیسے کی کمی ہوئی ،جس سے امریکی ڈالر کی قیمت خرید 152.75روپے اور قیمت فروخت 152.85روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں ملکی صرافہ مارکیٹو ں میں500روپے کے اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت 1لاکھ 3ہزارروپے اور دس گرام سونے کی قیمت428روپے کے اضافے سے 88ہزار305روپے ہو گئی۔