کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 2 روز بعد تیزی لوٹ آئی،100 انڈیکس میں 1010 پوائنٹس کا اضافہ ہوا،انٹربینک میں ڈالر 78 پیسے سستا ہوگیا، سونا کی قیمت میں 200 روپے تولہ کمی ریکارڈ کی گئی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج میں دوروزہ مندی کے بعدکاروباری ہفتے کے تیسرے روزبدھ کو تیزی لوٹ آئی اور کے ایس ای100انڈیکس1010.15پوائنٹس اضافے سے 35959.43 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جبکہ78.74فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا جس سے سرمایہ کاری مالیت میں 1کھرب 38ارب92کروڑروپے سے زائدکااضافہ ہوا اورکاروباری حجم بھی منگل کی نسبت19.81فیصدزائد رہا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس577.90پوائنٹس اضافے سے 17179.84پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس2338.99پوائنٹس اضافے سے 58336.11پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس518.12پوائنٹس اضافے سے 26097.02پوائنٹس پربندہوا ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق بدھ کوانٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت میں78پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید150.50روپے سے گھٹ کر149.72روپے اورقیمت فروخت151.00روپے سے گھٹ کر150.22روپے ہوگئی۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید149.00روپے اورقیمت فروخت150.00روپے پرمستحکم رہی۔یوروکی قیمت خرید میں50پیسے کااضافہ اور قیمت فروخت میں30پیسے کی کمی جبکہ برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خریدمیں50پیسے کا اضافہ اورقیمت فروخت میں1.00روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق سعودی ریال کی قیمت خرید38.80روپے سے بڑھ کر38.90روپے اورقیمت فروخت39.50روپے پرمستحکم رہی۔آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق بدھ کوبین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت ایک ڈالرکی کمی سے گھٹ کر1283ڈالرہوگئی جس کے زیر اثر کراچی، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں200روپے اور10گرام سونے کی قیمت میں172روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے فی تولہ سونے کی قیمت70000روپے سے گھٹ کر69800روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت60014روپے سے گھٹ کر59842روپے ہوگئی۔چاندی کی فی تولہ قیمت870.00روپے اور10 گرام چاندی کی قیمت745.88روپے پرمستحکم رہی۔