کراچی(کامرس رپورٹر)وفاقی منی بجٹ پر منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی جانب سے مثبت ریسپانس دیکھنے میں آیا اورحصص کی بھرپور خریداری کے باعث کے ایس ای100 انڈیکس41ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگیا اورانڈیکس 717.60پوائنٹس کے اضافے سے 41238.07پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا جب کہ75.13 فی صد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب3ارب 40کروڑ41لاکھ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ۔اورحصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی پیرکی نسبت2 کروڑ13لاکھ19ہزار شیئرززائد رہا۔گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغازمنفی زون میں ہوا اورقومی اسمبلی میں پیش ہونے والے بجٹ کے حوالے سے مختلف اندیشوں کے باعث سرمایہ کاروں نے حصص کی فروخت کو ترجیع دی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100انڈیکس40438پوائنٹس کی نچلی سطح پرآگیا تاہم بعد ازاں بجٹ تقریر کے بعد سرمایہ کاروں کے تحفظات زائل ہونے لگے اور گاڑیوں کی خریداری کے لئے فائلر ہونے کی شرط کے خاتمے پر پہلے آٹو سیکٹر میں سرمایہ کار سرگرم ہوئے اور بعد میں توقعات کے برعکس ترقیاتی بجٹ کے اعلان پر سیمنٹ اور دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھنے لگی جس کے نتیجے میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے اورزبردست تیزی کا رجحان بڑھ گیا جس سے کے ایس ای100 انڈیکس کی41ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی اور انڈیکس 41270پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا بعد میں معمولی کریکشن ہوئی لیکن مجموعی طور پر تیزی کے اثرات غالب رہے اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 399.84717.60پوائنٹس کے اضافے سے 41238.07 پوائنٹس پربندہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 349.24پوائنٹس اضافے سے 20143.02 پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس 1546.55پوائنٹس اضا فے سے 70217.70پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئر انڈیکس 389.68پوائنٹس اضافے سے 30076.54 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر382کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے 287کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ ہواجب کہ 68کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی اور27کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں بڑھنے کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب 3 ارب 40کروڑ41لاکھ روپے کا اضافہ ہوا جس سے سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت83 کھرب 42 ارب 44 کروڑ 10 لاکھ روپے سے بڑھ کر84کھرب45ارب 84 کروڑ 51 لاکھ روپے ہوگئی ۔گزشتہ روز حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم16کروڑ65لاکھ19ہزار شیئرز رہاق جو پیر کے 14کروڑ52لاکھ شیئرکے مقابلے میں2 کروڑ 13 لاکھ19ہزار شیئرز زائد ہے ۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں بھی مثبت رجحان برقرار رہنے کا امکان ہے ۔