اسلام آباد( خبر نگار خصوصی )وفاقی وزیرمذہبی پیرنورالحق قادری نے کہاہے کہ پاکستان کی نظریاتی اساس کوسیاسی نعرہ نہ بنایاجائے ،عرب میڈیاکی طرف سے باربار عمران خان کی اقوام متحدہ میں کی گئی تقریردکھائی جارہی ہے جس سے ہمارا سر فخر سے بلندہوجاتاہے ۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹرقبلہ ایازنے کہاہے کہ پیغام پاکستان میں روشنی میں قانون سازی ہونے جارہی ہے پیغام پاکستان کے آنے کے بعد دہشت گردی کاخاتمہ ہوااورملک میں امن وامان بحال ہوا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے مسلم کرسچین فیڈریشن کی طرف سے ایک شام ڈاکٹرقبلہ ایازکے نام سے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے مسلم کرسچین فیڈریشن کے چیئرمین علامہ قاضی عبدالقدیرخاموش ،ڈاکٹرضیاء الحق ،مولانافضل الرحمن خلیل ،رومانہ بشیرچیئرپرسن پیس اینڈڈویلپمنٹ فائونڈیشن ،علامہ صاحبزادہ سعیدالرشیدعباسی ،ڈاکٹرسمیع اللہ زبیری ،ڈاکٹراکرام الحق ،عبدالخالق فریدی،مولانااسرارمدنی ودیگرنے بھی خطاب کیا۔اس موقع پراسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹرقبلہ ایازکوان کی شاندارخدمات پرشیلڈبھی پیش کی گئی اورایک قراردادمیں مطالبہ کیاگیاکہ ڈاکٹرقبلہ ایازکواگلی مدت کے لیے بھی اسلامی نظریاتی کونسل کاچیئرمین بنایاجائے ۔ وزیرمذہبی امورپیرنورالحق قادری نے کہاکہ اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کی نظریاتی اساس ہے چیئرمین قابل ہو تو اسلامی نظریاتی کونسل ایک جاندار فورم بن سکتا ہے قانون سازی ہو یا مسالک کے درمیان تنازعات ڈاکٹرقبلہ ایاز نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا،عمران خان نے اسلام و فوبیا کی بات کی جو پہلی بار عالمی فورم پر کسی نے کی ہے ۔چیئرمین قبلہ ایازنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پیغام پاکستان ایوان صدر میں پیش کیا تو سول اور ملٹری قیادت نے اسے آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ،پیغام پاکستان کے بعد معاشی سرگرمیاں اور امن او امان بحال ہوا، قبائلی علاقوں میں قائم ریاست کے اندر ریاستیں ختم ہوئیں اور قومی پرچم لہرایا، بدقسمتی سے پیغام پاکستان بنانے والی اسلامی یونیورسٹی اور نظریاتی کونسل کو اس انداز میں سراہا نہیں گیا۔