اسلام آباد،کراچی (وقائع نگار خصوصی،92 نیوز رپورٹ ) گز شتہ سال 27 فروری کو پاکستانی شاہینوں کی جانب سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پاکستان سرپرائز ڈے کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا ، پاکستان فضائیہ نے زبردست ایئر شو کا انعقاد کیا ، شاہینوں نے انتہائی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دل چھو لینے والے کرتب دکھا کر شہریوں کا لہو گرما دیا جبکہ سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مجاہد انور نے ایئر ہیڈکوارٹرز میں سرپرائز ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ ملکی دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہے ، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے ، کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے ۔ سربراہ پاک فضائیہ نے کہا پاک فوج کی بہترین کارکردگی عشروں کی محنت کی مرہون منت ہے ، پاکستان کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے ،پاک فوج کی بہترین کارکردگی عشروں کی محنت کی مرہون منت ہے ، معاشی مسائل کے باعث ٹیکنالوجی کے حصول میں مشکلات ہیں تاہم پاک فوج کے شاہین حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہیں ، کشمیر یوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ، ہم ہر مشکل گھڑی میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں، مقبوضہ کشمیر میں طویل بھارتی کرفیو کو ختم کیا جائے ، بھارتی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے پر میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔قبل ازیں اسلام آباد ایئر ہیڈ کوار ٹرز میں تاریخی دن پر مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، مہمان خصوصی ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان تھے ۔ پاک فضائیہ کے جوانوں نے اس موقع پر مارچ پاسٹ کیا اور سلامی پیش کی۔ ایئر ہیڈکوارٹرز میں ہونیوالی تقریب میں فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا، طیاروں کی گھن گرج نے دشمن پر لرزہ طاری کر دیا۔ تقریب کے آخر میں شرکا کو 27 فروری کی مناسبت سے ڈاکو منٹری بھی دکھائی گئی۔ کراچی سی ویو پر شاندار ایئر شو میں جے ایف تھنڈر اور ایف 16 کی گھن گرج سے فضا گونج اٹھی، ایئرشو میں لہو گرما دینے والے کرتب کئے ، لڑاکا طیاروں نے پیشہ ورانہ تربیت کا عملی مظاہرہ کیا،میراج طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا۔ شیر دل سکوارڈن نے بھی پیشہ وارانہ تربیت کا شاندار مظاہرہ کیا۔ گورنر ، وزیراعلیٰ سندھ، میئر کراچی، پاک فضائیہ کے افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد سی وی پرموجود تھی۔ شائقین نے پاک فضائیہ کے دلکش مظاہرے پر دل کھول کر داد پیش کی۔