اسلام آباد(خبرنگار)سپریم کورٹ میں کل پیر سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے دوران اہم مقدمات کی سماعت کیلئے معمول کے 7بنچ اور دو لارجربینچ تشکیل دیئے گئے ہیں ۔ عدالت عظمیٰ نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کردی۔ بنچ نمبر ایک چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ ، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل ہے ۔ بنچ نمبر 2 جسٹس گلزار احمد اور جسٹس مقبول باقر، بنچ نمبر تین جسٹس مشیر عالم، جسٹس منیب اختر اور جسٹس امین الدین ، بنچ نمبر چار جسٹس عمر عطابندیال، جسٹس فیصل عرب اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل ہے ۔ جسٹس قاضی فائز عیسی اورسجاد علی شاہ بنچ نمبر پانچ کے ممبران ہیں، بنچ نمبر چھ میں جسٹس منظور احمد ملک اور جسٹس مظہر عالم شامل ہیں ، ساتویں بنچ میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس یحییٰ آفریدی شامل ہیں ۔ دوسری جانب دو لارجر بنچ بھی تشکیل دیئے گئے ہیں ، چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس گلزار احمد،جسٹس مشیر عالم،جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر مشتمل پانچ رکنی لارجر بنچ بدھ 13نومبر کو خیبر پختونخوامیں سکیورٹی فورسز کو انتظامی اختیارات دینے کے بارے قانون(ان ایڈ آف سول پائور آرڈننس )سے متعلق درخواستوں کی سماعت کرے گا۔جسٹس عمر عطا ء بندیال کی سربراہی میں دوسرا10 رکنی لارجر بنچ صدارتی ریفرنس کے خلاف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور دیگر کی آئینی درخواستوں کی سماعت کل پیر کو کرے گا۔