اسلام آباد( آن لائن )سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے جاری مالی سال کے دوران 1.737 ارب ڈالرمالیت کا زرمبادلہ ملک ارسال کیاہے ۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جولائی تا اکتوبر سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 1.737 ارب ڈالر مالیت کی ترسیلات زرکیں ، یہ شرح گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 1.14 فیصد کم ہے ، گزشتہ مالی سال کے ابتدائی4 ماہ میں سعودی عرب میں کام کرنے والے محنت کشوں نے 1.757 ارب ڈالر مالیت کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔مالی سال 2017-18 کے ابتدائی 4 ماہ میں سعودی عرب سے ترسیلات زرکا حجم 1.68 ارب ڈالررہاتھا۔ اعدادوشمارکے مطابق اکتوبر 2019 میں سعودی عرب میں کام کرنے والے محنت کشوں نے 420.88 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا، گزشتہ سال اکتوبرمیں مملکت سعودی عرب سے ترسیلات زرکاحجم 468.18 میلن ڈالر رہاتھا۔