نیویارک،ابوظہبی،اسلام آباد (نیٹ نیوز،این این آئی،آن لائن)سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر حوثی باغیوں کی جانب سے ابوظہبی پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے وحشیانہ دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کی اپیل کی ہے ۔ دوسری طرف اماراتی صدر کے مشیر انور قرقاش نے کہا کہ ان کا ملک حوثی دہشت گردانہ کارروائیوں کے خلاف ہرممکن اقدام کریگا۔حوثی کا سعودیہ پرمیزائل حملہ ناکام بنادیا گیا۔ اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانہ سے جاری بیان میں دو ٹوک الفاظ میں کہا گیاہے کہ ایران یمن کی جنگ میں فریق نہیں ہے ،ایران پر الزامات من گھڑت ہیں۔ امریکی وزیرخارجہ نے یمن کی جیل پر فضائی حملے کے بعد تمام فریقین سے کشیدگی کم کرنے کی اپیل کر دی۔ سعودی اتحاد نے حملے کی تردید کی ہے ۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔