کراچی (کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک مارکیٹ میں پیر کو ملا جلا رجحان رہا ،کے ایس ای100انڈیکس168پوائنٹس کم ہو گیا تاہم مارکیٹ کے سرمائے میں 17ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 52فیصدحصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کوکاروبار کا آغازمثبت ہوا اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 40407پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچا تاہم تکنیکی کریکشن کے سبب انڈیکس 39942پوائنٹس کی پست سطح پر بھی ٹریڈ کرتا دیکھا گیا ،فوڈز ،پیٹرولیم ،گیس ،سٹیل اور توانائی کے شعبے میں خریداری کے سبب انڈیکس 40100پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گیا مگر مارکیٹ منفی زون میں ہی بند ہوئی۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں پیر کو کے ایس ای100انڈیکس میں 168.24پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 40290.74پوائنٹس سے کم ہو کر40122.50پوائنٹس پر بند ہوا اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 152.98پوائنٹس کی کمی سے 17538.41پوائنٹس سے گھٹ کر 17385.43پوائنٹس پر آگیا تاہم کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 28134.26پوائنٹس سے بڑھ کر 28199.20پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری اتار چڑھاوکے باوجود مارکیٹ کے سرمایے میں 17ارب16کروڑ15لاکھ9ہزار827روپے کا ضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 74کھرب34ارب 56کروڑ39لاکھ 47ہزار995روپے سے بڑھ کر 74کھرب51ارب 72کروڑ54لاکھ 57ہزار822روپے ہو گیا۔دریں اثنائانٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں پیرکوروپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں15پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 168روپے سے بڑھ کر168.10روپے اور قیمت فروخت168.20روپے سے بڑھ کر168.35روپے ہو گئی ۔علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت8ڈالر کے اضافے سے 1953ڈالر ہو گئی جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی ایک تولہ سونے کی قیمت میں400روپے کے اضافے سے 1لاکھ19ہزار400روپے ہو گئی جبکہ343روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت1لاکھ2ہزار23روپے ہو گئی۔