لاہور،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،سپیشل رپورٹر) وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مشرق وسطی ٰاور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کا کشمیر کے مسئلہ پر موقف تبدیل نہیں ہوا، اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کشمیر، فلسطین، اسلامو فوبیا، توہین ناموس رسالت پر بھرپور موقف پیش کریں گے ۔ جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ ویزوں کا معاملہ حل ہو گیا ہے ، بھارتی میڈیا پاکستان اور عرب ممالک کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کیلئے غلط پروپیگنڈا کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جا رہا ہے ، پشاور، ننکانہ صاحب میں قتل ہونے والے غیر مسلموں کے قاتلوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ توہین ناموس رسالت یا توہین مذہب کا غلط پرچہ درج ہوا تو اس کو حل کیا جائے گا۔