اسلام آباد(آن لائن، اے پی پی)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پوسٹل سروسز نے وزیر مملکت مراد سعید کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کیا جبکہ چیئرپرسن کمیٹی کا کہنا تھا کہ وزرا پارلیمنٹ کا احترام کریں اور عدم تعاون کی پالیسی کو ترک کرکے کارکردگی کو بہتر بنائیں۔کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر خوش بخت شجاعت کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں سینیٹر حضرات اور وزارت پوسٹل سروسز کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔کمیٹی نے ایجنڈے کو زیربحث لاتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان پوسٹل سروسز بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اپنی معاونت جسے واپس لے لیا گیا،اسے بحال کرائے اور ادارے میں بائیومیٹرک سسٹم لگایا جائے جبکہ پوسٹل سروسز کے پرانے لوگوں کو بھی بحال کرنے کی سفارش کردی گئی۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پوسٹل سروسز نے محکمہ ڈاک میں بائیو میٹرک سسٹم نصب کرنے اور اس کو جدید بنانے کی تجویز دی ہے ۔ ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینئر کمیٹی سینیٹر رانا مقبول احمد کی زیرصدارت پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا۔ ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر محمد جاوید عباسی کے 31اگست2018ء کو سینیٹ اجلاس میں اٹھائے گئے عوامی اہمیت کے معاملہ برائے سینیٹر شمیم آفریدی کے خلاف ایف آئی آر کے درج ہونے کے معاملے کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے معاملہ آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا۔