اسلام آباد، لاہور (سپیشل رپورٹر، 92نیوز رپورٹ، نیٹ نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے ، چار روزہ دورے کے دوران وہ صدر مملکت اور وزیراعظم سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے ۔شیڈول کے مطابق انتونیو گوتریس اتوار کو مقامی ہوٹل میں افغان مہاجرین سے ملاقات کرینگے اور اقوام متحدہ کے پاکستان بھارت فوجی مبصر گروپ آفس کا دورہ کرینگے ، وہ یہ دورہ کرنیوالے عالمی ادارے کے پہلے سربراہ ہونگے ۔پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے کانفرنس سے خطاب کرینگے ، بعد ازاں وزارت خارجہ میں پودالگائیں گے اور وزیر خارجہ سے ملاقات کرینگے ،سیکرٹری جنرل اور وزیر خارجہ مشترکہ پریس کانفرنس کرینگے ۔اقوام متحدہ کی کنٹری ٹیم کے عہدیداروں،وزیراعظم، وزیر خارجہ، آرمی چیف اورہائی کمشنر برائے مہاجرین سے ملاقاتیں کریں گے ، ہائی کمیشن برائے مہاجرین میں مشترکہ پریس بریفنگ دینگے ۔افغان مہاجرین کے حوالے سے کانفرنس سے خطاب کرینگے ۔سنٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ سٹیبلٹی کا دورہ اور امن مشن میں پاکستان کے سفر کے متعلق تصویری نمائش کا افتتاح کرینگے ،بعد ازاں صدر سے ملاقات اور عشائیہ میں شرکت کرینگے ۔منگل کو لاہور میں نجی یونیورسٹی سے نوجوانوں سے ملاقات کرینگے اور بادشاہی مسجد کا دورہ کرینگے ۔ انسداد پولیو مہم کا آغاز کرینگے اور گورنر ہاؤس میں عشائیہ میں شریک ہوں گے ۔ سیکرٹری جنرل کرتارپور بھی جائینگے ۔سیکرٹری جنرل کے دورے کے سلسلے میں وفاقی اور صوبائی سطح پر مشاورت مکمل کر کے سکیورٹی سمیت اہم امور طے کر لئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں ایس ایس پی آپریشنز لاہور محمد نوید کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔