اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ شہباز شریف ذاتیات سے گریز کریں اور اپنی کرپشن کا حساب دیں۔گزشتہ روزپریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کے چینی پر روزانہ نئے بیانات آتے ہیں جبکہ 29 ارب کی سبسڈی میں سے 27 ارب کی انہوں نے دی ۔شہباز شریف نیب میں کرامت مسیح آپکا منتظر ہے اسکے اکائونٹ میں جو رقوم ٹرانسفر کرائی تھیں وہ جا کر وصول کریں ۔ شہباز شریف مفرور بھائی نواز شریف کے ضامن ہیں،ہم عدالت جائینگے تاکہ نواز شریف کو واپس لایا اور ضامن سے جواب طلبی کی جائے ۔ شریف فیملی سے منی ٹریل کا پوچھا جائے تو جواب کے بجائے دیگر بیانات دیتے ہیں۔ عمران خان خود کرپٹ نہ کسی کو کرپشن کرنے دیتے ہیں۔ شریف فیملی کو حساب دینا ہوگا۔وزیراعظم پورٹل پر 22 لاکھ شکایات موصول ہو چکی ہیں، آئندہ ماہانہ رپورٹ دینگے ، تاحال بے پناہ اہمیت کی حامل 28 ہزار 118 شکایات کا ازالہ نہیں ہو سکا ، سب سے زیادہ سندھ کے اداروں پرہیں،سب سے بری کارکردگی انکی ہے ۔ پیپلز پارٹی کے بیشتر سرکردہ رہنمائوں پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں۔ 10 غیر مطمئن اداروں میں سے 8 کا تعلق سندھ سے ہے اور جن سے عوام مطمئن ہیں ان میں سندھ کاایک ادارہ بھی نہیں ۔ تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی نے کہاکہ مراد علی شاہ، ڈاکٹر عاصم، شرجیل میمن، آصف علی زرداری، بلاول بھٹو سمیت کئی لوگ کرپشن کنگ بن چکے ۔اس موقع پر کنول شوزب بھی موجود تھیں۔