اسلام آباد؍ نوشکی(سپیشل رپورٹر؍ نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے رینجرز اور ایف سی کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کر تے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف لڑنے والے جوان اکیلے نہیں، پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے ، پوری قوم میں یہ اعتماد ہے کہ کسی قسم کی دہشت گردی پاکستان میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے نوشکی میں فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد،وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری،چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو بھی موجود تھے ۔عمران خان نے کہا دہشت گردی کے واقعہ کی چین میں خبر ملی، دہشت گردوں کو شکست دینے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، فوج کے جوانوں کو پیغام دینے کیلئے نوشکی آیا ہوں، پوری قوم پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے ، ہمیں اپنے جوانوں پر پورا اعتماد ہے ، ہمیں اعتماد ہے پاکستان میں کسی قسم کی دہشت گردی کامیاب نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا غیر ملکی قوتیں پاکستان کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں، بلوچستان میں اتنی ترقی ہوگی کہ دہشتگردوں کی کوئی بات نہیں سنے گا،میں آج نوشکی آکر آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ پوری قوم کو آپ کے اوپر اعتماد ہے اورجس طرح آپ نے 2003-04کے بعد ملک کو محفوظ رکھا ،ہمیں پورا اعتماد ہے کہ کسی قسم کی دہشت گردی ہمارے ملک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ اس موقع پر انہوں نے رینجرز اور ایف سی کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا بھی اعلان کیا۔وزیراعظم نے کہا مہنگائی کا دور ہے ، مجھے پورا علم ہے دنیا بھر میں مہنگائی کا سیلاب آیا ہوا ہے ، پورا احساس ہے کہ ہمارا تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ مشکل میں ہے ، یقین دلاتا ہوں کہ ایسے اقدام کررہے ہیں کہ آمدنی میں اضافہ ہو، تیل مہنگا ہوگیا اس کے تمام چیزوں پر اثرات مرتب ہوتے ہیں، جیسے جیسے حکومت کی آمدنی بڑھے گی تنخواہ داروں کی آمدنی بڑھائیں گے ۔ انہوں نے کارپورٹ سیکٹر سے درخواست کی کہ وہ اپنے ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں۔عمران خان نے کہا کہ کسی بھی جمہوری حکومت نے اتنے فنڈ بلوچستان کو نہیں د ئیے جتنے فنڈ ہماری حکومت نے د ئیے ، چمن سے کراچی تک براستہ کوئٹہ ایک ہائی وے بنارہے ہیں جو سب سے بڑا پراجیکٹ ہے ۔وزیراعظم نے کہا ہم بلوچستان کے لئے وہ کام کرجائیں گے کہ کوئی انہیں حکومت کے خلاف کھڑا نہیں کرسکے گا اور دہشت گردوں اور دشمن کی بات کوئی نہیں سنے گا، چینی صدر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سی پیک کے اگلے فیز میں سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کا ہوگا۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نوشکی کا دورہ کیا۔وزیر اعظم کو سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے جوانوں سے ملاقات بھی کی۔وزیر اعظم نے شہدا اور ان کے خاندانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔وزیر اعظم نے دہشتگرد حملوں کو پسپا کرنے پر فوجی افسران اور جوانوں کی جرات کو سراہا۔وزیر اعظم نے کہا بلوچستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کے درپے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ بعد ازاں وزیر اعظم نے علاقے کے قبائلی عمائدین سے بھی بات چیت کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی غیر متزلزل حمایت اور بلوچستان میں خوشحالی اور ترقی کے لئے کئے جانے والے حکومتی اقدامات میں ان کے تعاون کو سراہا۔وزیراعظم ایک روزہ دورہ بلوچستان مکمل کرکے واپس اسلام آباد چلے گئے ۔علاوہ ازیں عمران خان نے چینی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں کہا ہے کہ کشمیر کا تنازع پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم مسئلہ ہے ، تمام مسائل کا حل سیاسی مذاکرات کے ذریعے چاہتے ہیں ،توقع ہے جلد یا بدیر ہم اس مسئلے کو بات چیت سے حل کرلیں گے ،پاکستان اور چین کے تعلقات ہر امتحان میں پورے اترے ،اب ہم سی پیک کے دوسرے مرحل میں داخل ہورہے ہیں،پاکستان میں بڑھتی آبادی کی ضروریات پورا کرنے کیلئے غذائی تحفظ ضروری ہے ۔انہوں نے کہا چین اور پاکستان اس بات پر متفق ہیں کہ افغان عوام تنازع سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ، دونوں ممالک میں اتفاق ہے کہ اقوام عالم کی اولین ترجیح افغان عوام ہونی چاہئے ۔وزیراعظم نے کہا دنیا ایک اور سرد جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی، دنیا کو ایک ایسے ماحول میں نہیں جانا چاہئے جہاں وہ دو حصوں میں تقسیم ہوجائے ۔انہوں نے کہا پاکستان 70کی دہائی کا کردار ادا کرنا چاہتا ہے جب وہ امریکہ اور چین کو ایکدوسرے کے قریب لایا، امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر کا چین کا دورہ پاکستان کی کوششوں سے ہوا۔