دوحہ (سپورٹس ڈیسک) سینتیسویں ایشین مینز سنوکر چیمپئن شپ کے دوسرے دن عالمی چیمپئن احسن رمضان اور محمد سجاد نے ناک آؤٹ راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا، محمد آصف کے اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کا انحصار آخری میچ پر ہے ۔ گزشتہ روز محمد آصف نے میزبان ملک قطر کے عیسیٰ القبیسی کو 4-0 سے شکست دے دی۔ انہوں نے میچ کے دوران 82 اور 112 کا سنچری بریک بھی کھیلا۔ محمد سجاد نے قطر ہی کے محمد البنالی کو 4-0 سے قابو کیا ۔ احسن رمضان کو بھارتی کیوئسٹ پنکج ایڈوانی کے ہاتھوں 4-1 سے شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ ایڈوانی نے 50 اور 102 کا سنچری بریک بھی کھیلا۔ قبل ازیں محمد سجاد نے بھارت کے ملکیت سنگھ کو 41 سے زیر کیا۔ انہوں نے 75 اور 76 کے دلکش بریک کھیلے ۔ احسن رمضان نے سری لنکا کے محمد طحہ ارشاد کیخلاف 4-2 سے کامیابی حاصل کی۔ ایشین مینز سنوکر چیمپئن شپ میں آج لاسٹ 22 اور پری کوارٹر فائنل مقابلے ہوں گے ۔