اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں صحت کارڈ کی فراہمی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزرائے صحت کو ہدایت کی کہ مختلف ہسپتالوں میں صحت کارڈ کے ذریعے جہاں یکساں معیاری سہولیات کو یقینی بنایا جائے ، وہاں اس امر کو بھی یقینی بنایا جائے کہ ہسپتالوں میں آنے والے افراد خصوصا کم تعلیم یافتہ افراد کی مناسب رہنمائی کی جائے ۔وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کے موثرنفاذ کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے ۔صحت کارڈ کے ذریعے معیاری سروس کو یقینی بنانے کے حوالے سے وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ سہولت سے مستفید ہونے والے افراد کے فیڈ بیک کو نظام کا مستقل حصہ بنایا جائے ۔ وزیر اعظم نے منصوبے پر عملدرآمد کو موثر بنانے کے لئے وفاقی اور صوبائی سطح پر خصوصی سیل تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعظم نے ملکی برآمدات کا حجم بڑھانے کے لئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستانی برآمدات میں اضافے کے ضمن میں مارکیٹ اور مصنوعات میں تنوع لانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، پاکستانی کاروباری برادری میں بے شمار پوٹینشل موجود ہے ،کاروباری برادری کو موافق فضا اور کاروبار دوست پالیسیوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا تمام معاشی اعشارئیے مثبت سمت میں بڑھ رہے ہیں تاہم درآمدات اور برآمدات کے درمیان پائے جانے والے فرق کو کم کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے ،حکومت برآمد کنندگان کے لئے آسانیاں پیدا کر رہی ہے ۔وزیر اعظم نے کامرس ڈویژن کو ہدایت کی کہ غیر ممالک میں تعینات پاکستان کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ افسروں کے لئے اہداف متعین کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کامرس ڈویژن اگلے دو ہفتوں میں سٹریٹجک ایکسپورٹ فریم ورک منظوری کے لئے پیش کرے ۔مزیدبرآں وزیر اعظم سے پنجاب کے وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے ملاقات کی۔وزیر اعظم نے میانوالی میں صنعتی اسٹیٹ قائم کرنے کے لئے فیزیبلٹی کی ہدایت کی۔