کراچی،اسلام آباد، لاہور( 92 نیوز رپورٹ، سٹاف رپورٹر، کلچرل رپورٹر ، سٹاف رپورٹر، نامہ نگار، جنرل رپورٹر) عالمی یوم خواتین پر لاہور ، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ’عورت مارچ‘ اور دیگر ناموں سے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور جنسی و جسمانی تشدد کیخلاف اور اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے نعرے بازی بھی کی ۔ کراچی میں عورت مارچ فیریئر ہال کے مقام پر منعقد کیا گیا۔ اسلام آباد میں عورت آزادی مارچ پریس کلب سے شروع ہو کر ڈی چوک تک گیا جس خواتین کے علاوہ مرد بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے ، گزشتہ سال تصادم کے واقعے کے بعد اس بار سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔دوسری طرف جماعت اسلامی کے زیر اہتمام خواتین واک کا مقام پریس کلب روڈ سے تبدیل کر کے میلوڈی فوڈ سٹریٹ کا انتخاب کیا گیا۔پاکستان میں امریکی مشن یوایس ایڈ اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے مشترکہ طور پر’’ یو ایس ایڈ کی ضرورت اور قابلیت پر مبنی سکالرشپ پروگرام (ایم این بی ایس پی) ‘‘کے تحت وظائف حاصل کرنیوالی طالبات کے ہمراہ خواتین کا عالمی دن منایا ۔یو ایس ایڈ کے سندھ اور بلوچستان کے ڈائریکٹر جیمز پیریز اور ایچ ای سی کی ایگزیکٹوٹوڈائریکٹرشائستہ سہیل نے یو ایس ایڈ کے مذکورہ سکالرشپ پروگرام کی تعریف کی۔ لاہور میں پریس کلب سے پی آئی اے آفس تک ریلی نکالی گئی ۔ تحفظ ناموس رسالت محاذ شعبہ خواتین کے زیر اہتمام پریس کلب تا اسمبلی ہال تک پیغام شرم و حیامارچ کیا گیا ، مسز صاحبزادہ رضائے مصطفی نقشبندی،مسز مفتی حسیب قادری و دیگر نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلامی تعلیمات کا عملی نفاذ کیا جائے ۔ اسلام آباد میں بھی مدرسے کی خواتین نے حیا مارچ کیا۔ دریں اثنا خواتین کے عالمی دن پر لاہور ایئر پورٹ پر کیک کاٹنے کی تقریب ہوئی ۔ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے میں خواتین کثیر تعداد میں کام کرتی ہیں جہاں خواتین کو ملازمت کے یکساں مواقع حاصل ہیں ۔یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے واک اور سیمینار کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین اور یونیورسٹی کی طالبات نے شرکت کی۔