اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،خصوصی نیوز رپورٹر، اے پی پی)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے پرعزم ہے ، جدید دور سے ہم آہنگ ہونے کیلئے ہمیں درست سمت کا تعین کرنا ضروری ہے ، اپنے دستیاب وسائل کو موثر انداز سے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کرنا ہو گی۔ کامسیٹس کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب میں صدر مملکت نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں میں مسلسل تبدیلیوں کے تناظر میں ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے اسکی اہمیت ناگزیر ہے ، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تیزی سے پیشرفت کے باعث سائنس وٹیکنالوجی سے متعلق نظم و نسق کے فریم ورک اور قومی پالیسیوں میں انقلابی تبدیلی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی قومی وژن، سمت کے تعین اور سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ،ٹیکنالوجی کونظراندازنہیں کرسکتے ۔ پائیدار ترقی کیلئے بین الاقوامی ایجنڈے پرتوجہ مرکوز کرنے کیلئے کثیر جہتی تعاون وقت کی ضرورت ہے ۔ تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین چودھری نے کہاکہ سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق گورننس فریم ورک اور قومی پالیسیوں میں انقلابی تبدیلیوں کی ضرورت ہے ۔ تیسری دنیا کے ممالک کو مشترکہ چیلنجوں کا سامنا ہے اور ان چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے رکن ملکوں کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔ ہم سکالر شپس پروگرام کو توسیع دینے اور افریقی مماک میں سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ ہم افغان شہر قندھار میں جدید ترین یونیورسٹی کے قیام پر بھی کام کر رہے ہیں۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر کامسیٹس احسن جنید زیدی نے بھی خطاب کیا۔