لاہور،اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر ، نامہ نگار خصو صی ،آن لائن)مسلم لیگ(ن) کے صدر شہبازشریف نے گیس کی قیمتوں میں ممکنہ 35 فیصد اضافے کی مذمت کرتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام پر ظلم بند کیاجائے ،عمران نیازی ملک میں خانہ جنگی کرانے پر تلے ہوئے ہیں۔حکومت معیشت کا نائن الیون کرچکی ، اب مہنگائی سے قوم کا تورا بورا بنا رہی ہے ، عمران نیازی گھر چلے جائیں۔ لیگی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کو انتہائی خراب انتخاب قرار دے دیا۔ ٹویٹر پراپنے بیان میں کہا کہ تقریر لکھنے والے کو نہیں عمران خان کو نکالیں۔بلوچستان کے طلباء پر تشدداور گرفتاری سفاکی ہے ،جائز حق انکو دیا جائے ۔لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر سے مشاورت آئین کا تقاضا ہے ،عمران صاحب عدالتوں میں جھوٹ بلوا رہے ہیں ۔ رانا ثنائاللہ خان نے گفتگو کرتے کہا کہ عمران خان نے ملک زوال پذیر بنادیا ہے ۔اگر یہ دو سال مزید رہے تو تین سالوں سے زیادہ تباہی مچائیں گے ۔ لیگی رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ اب شہزد اکبر کے خود احتساب کے دن آنے والے ہیں، عوام ان سے حساب لیں گے ،لیگی رہنماملک احمد خان نے کہا کہ پاکستان جمہوری ملک نہیں رہا،،حکمرانوں کے جرائم کی سزا اس ملک کی نسلیں بھگتیں گی۔دوسری جانب مسلم لیگ ن آج اتوارکو راولپنڈی میں طاقت کا بھرپور مظاہرہ کرے گی ۔ شہبازشریف سمیت مقامی قیادت خطاب کرے گی ۔