اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،وقائع نگا رخصوصی) ملک کے 22ویں وزیراعظم کے لئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے ، دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی پر کسی بھی رکن کی جانب سے اعتراض نہیں اٹھایا گیا نئے قائد ایوان کا انتخاب آج عمل میں لایا جائے گا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق جمعرات کو وزارت عظمیٰ کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے مقررہ وقت دوپہر 2 بجے تک صرف 2 امیدواروں عمران خان اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے دونوں امیدواروں کے نمائندوں کی موجودگی میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی اور دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیتے ہوئے منظور کرلیے گئے ۔وزیراعظم کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر ساڑھے 3 بجے ہوگا، قائد ایوان کے انتخاب کے لئے ایوان کو دو لابیوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ہر امیدوار کے لیے قومی اسمبلی ہال میں ایک ایک لابی مختص ہوگی جو رکن جس امیدوار کو ووٹ دینا چاہے گا اس لابی میں چلا جائے گا، لابی کے دروازے پر اراکین کی فہرست میں رکن کا اندراج کیا جائے گا۔ جس کے بعد گنتی کی جائے گی اور اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار ملک کا نیا وزیراعظم ہوگا۔ قومی اسمبلی کے قواعد کے مطابق 342 کے ایوان میں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے کسی بھی امیدوار کو سادہ اکثریت یعنی 172 ووٹ لینا ہوتے ہیں، اگر 172 کی اکثریت نہ ملے تو جو دو امیدوار پہلے اور دوسرے نمبر پر ہوں گے ان میں سے دوبارہ انتخاب ہوگا۔