لاہور،اسلام آباد،لیہ ،کراچی (نمائندہ خصوصی سے ،خبر نگار خصوصی ،نامہ نگار،سٹاف رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ،ایجنسیاں) اپوزیشن جماعتوں کے رہنمائوں نے کہاہے کہ حکومت نے ہر شعبے کی تباہی کر دی،اتحادی ملک وقوم کیلئے آگے بڑھیں ورنہ تاریخ معاف نہیں کریگی جبکہ پیپلزپارٹی نے اپنے لانگ مارچ شیڈول کااعلان کردیا۔مسلم لیگ (ن) کے صد ر شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے ملک کے ہر شعبے کی تباہی کر دی ہے ،عمران خان کو گھبراہٹ ہماری سیاسی ملاقاتوں سے نہیں بلکہ ملکی تباہی سے ہے ۔ احتساب عدالت لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دور میں کرپشن کے بے پناہ سکینڈلز سامنے آئے ہیں ،گندم، چینی، ایل این جی کے سکینڈلز میں اربوں کھربوں کی کرپشن کی گئی ہے ۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ رابطے سب کے ساتھ ہیں ہدف ایک ہی ہے کہ عمران نیازی کو گھر جانا ہے ۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب اب عوام کو صرف آپ کے استعفے کا انتظار ہے ۔شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہاچیئرمین نیب میں ہمت ہے تو کیمرے لگائیں اور عوام کو بتائیں کہ اب تک کتنی کرپشن پکڑی گئی۔انہوں نے کہاکہ حکومت ٹیلی فون کالز پر کھڑی ہے جب ٹیلیفون کالز بند ہونگی ،تحریک عدم اعتماد اسی دن آجائے گی ۔جمشید احمد دستی سے ملاقات میں گفتگو اور لیہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہمارا کھیل شروع ہو گیا،ملک میں صدارتی طرزحکومت نہیں چلنے دیں گے ، ملک کا سب سے بڑا مسئلہ آئین پر عملدرآمد نہ ہونا ہے ۔ اتحادی ملک وقوم کی بھلائی کے لئے آگے بڑھیں ورنہ تاریخ انہیں معاف نہیں کرے گی۔ ادھر بلاول بھٹو کی منظوری کے بعد پیپلزپارٹی نے 27فروری کے لانگ مارچ کے شیڈول کااعلان کردیا۔ عوامی مارچ کراچی سے 10 دن میں 34 مختلف شہروں سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچے گا۔بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں مارچ کا آغاز کراچی میں مزار قائد سے اتوار 27 فروری کو صبح 10 بجے ہوگا۔مارچ دوسرے دن 28 فروری کو حیدرآباد، ہالا، نواب شاہ سے ہوتا ہوا مورو پر ختم ہوگا۔ یکم مارچ منگل کو مارچ مورو سے خیرپور شہر پہنچے گا جہاں سکھر میں تیسرے دن کا اختتام ہوگا۔2مارچ بدھ کو لانگ مارچ رحیم یار خان پہنچے گا۔3 مارچ کو مارچ ملتان میں بڑے عوامی اجتماع پر ختم ہوگا۔4مارچ کو مارچ ساہیوال ، 5مارچ کو لاہور میں داخل ہوجائے گا۔بلاول بھٹو زرداری دوپہر ایک بجے چھ مارچ اتوار کو ناصر باغ لاہور میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرینگے ۔بلاول بھٹو زرداری عوامی مارچ کی قیادت کرتے ہوئے لاہور کے ناصر باغ سے شیرانوالہ باغ گوجرانوالہ پہنچیں گے جہاں عوامی اجتماع سے خطاب ہوگا۔ چھ مارچ کو وزیرآباد میں دن کا اختتام ہو گا۔7 مارچ قافلہ وزیر آباد سے لالہ موسی جائے گا اور راولپنڈی لیاقت باغ پر اپنے دن کا اختتام کرے گا۔8 مارچ پیر کو لانگ مارچ کا آغاز راولپنڈی سے ہوگا اورعوامی قافلہ مختلف گزرگاہوں سے ہوتے ہوئے اسلام آباد پہنچے گا۔ گزشتہ روز بلاول ہائوس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے کہ ہم تحریک عدم اعتماد کے جمہوری، آئینی اور پرامن طریقے سے حکومت کی تبدیلی پر یقین رکھتے ہیں، خوشی ہے کہ اپوزیشن کی دیگر جماعتیں ہمارے موقف کی حمایت کررہی ہیں۔پی پی رہنماشیری رحمان نے کہاہے کہ عوام کو نہ گھبرانے کے مشورے دینے والے آج کل کابینہ کو نہ گھبرانے کہ مشورے دے رہے ۔مونس الہیٰ کے بیان پر ردعمل میں احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے اپوزیشن ہی کافی ہے ۔ ق لیگ نے ساتھ نہ دیا تو عوامی غضب کیلئے تیار رہے ۔ پی پی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اگر یہ سب تماشا ہے تو پرویز الہیٰ یہ تماشا بند کر دیں۔