اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک،ایجنسیاں ) سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دوں گا،آخری بال تک لڑوں گا،انہوں نے ہر ہفتے جلسہ کرنیکا بھی اعلان کر دیا ،عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس چھوڑ دیا اور بنی گالہ چلے گئے ، عمران خان کا ذاتی سٹاف بھی وزیر اعظم ہاؤس سے چلاگیا ۔سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھمکی آمیز مراسلہ چیف جسٹس آف پاکستان کو بھی پیش کیا جائے گا،مراسلہ چیئرمین سینٹ اور سپیکر کے ساتھ بھی شیئر کیا جائے گا، ڈپٹی سپیکر نے حالات دیکھتے ہوئے رولنگ دی تھی،سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدر آمد شروع ہوچکا ہے ،اپوزیشن زیادہ سے زیادہ مجھے جیل میں ڈال سکتی ہے ،انہیں بیرونی مدد مل رہی ہے ، عمران خان نے اس خبر کی سختی سے تردید کی کہ عسکری ڈیپارٹمنٹ میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی کی جارہی ہے ، جب بھی اہم اجلاس بلاتے ہیں تو افواہوں کا بازار گرم ہوتا ہے ، آرمی چیف کوتبدیل کرنے کی کوئی بات نہیں ہوئی نہ سوچاہے ، میں اپناکام آئین وقانون کے مطابق کرتارہوں گا ، کسی طور پیچھے نہیں ہٹوں گا قبل ازیں عمران خان نے نئی حکومت کو تسلیم نہ کرنے سے متعلق قوم کے نام نیا پیغام شیئر کیا ہے ۔ 2منٹ 17سیکنڈ کے ویڈیو پیغام میں انہوں نے قوم کو نئی حکومت اور غلامی تسلیم نہ کرنے سے متعلق ترغیب دی ہے ،انکا پیغام میں کہنا ہے کہ میں اپنی نوجوان نسل سے آج کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے ، میں اس امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کروں گا اور میں عوام میں جائوں گا، میں کبھی بھی جد جہد سے نہیں گھبراتا میں، جد و جہد جاری رکھوں گا ، ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ہمیں کس طرح کا پاکستان چاہیے جبکہ عمران خان نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کی ہے جو خوب وائرل ہورہی ہے ۔عمران نے یہ تصویر ہفتے کی صبح قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے سے قبل انسٹاگرام پرشیئرکی۔ عمران کے سورۃ آل عمران کی 139ویں آیت شیئر کی گئی، جس کا ترجمعہ ہے کہ ’’اور تم ہمت نہ ہارو اور غم نہ کھاؤ، اگر تم ایمان والے ہو تو تم ہی غالب آؤ گے ‘‘۔ شوکت خانم کینسر ہسپتال کے لئے فنڈ ریزنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ انصاف اور فلاحی ریاست کے علاوہ خود داری قوموں کو اوپر لاتی ہے اور ہم ان شاء اللہ اس راستے پر گامزن ہیں جس پر عمل پیرا ہو کر ہم ایک عظیم قوم بنیں گے ، کینسر جیسے موذی مرض کے علاج کے لئے کراچی میں ایک اور عالمی معیار کے ہسپتال کی تعمیر جاری ہے ، پاکستانی قوم فراخ دل قوم ہے جس کی پوری دنیا میں مثال نہیں ملتی ، پاکستانی قوم نے شوکت خانم کینسر ہسپتال کو اب تک 63ارب روپے کے عطیات دیئے ہیں اور یہ ایک معجزہ ہے ،اللہ کی مدد سے اس ملک اور قوم کو خوشحال اورعظیم قوم بنائیں گے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ عمران خان اور 2 اہم ملکی شخصیات کی ملاقات ہوئی، دو ذرائع نے ملاقات کی تصدیق کی ہے تاہم ملاقات کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان ،ان کے علاوہ وہاں موجود شاہ محمود قریشی اور قاسم سوری ، فواد ، شبلی فراز ، شیریں مزاری اور دیگر وزرا کو وزیراعظم ہائو س کے عملے نے بھی واپس بھجوا دیا ،عمران خان نے روانگی سے پہلے وزیراعظم ہاؤس کے عملے سے ملاقات بھی کی۔ اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ،وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ عمران خان استعفیٰ نہیں دینگے ۔ذرائع کے مطابق کابینہ نے خط کی تفصیلات سپیکر ، چیئرمین سینیٹ کو دینے کی منظوری دے دی،خط کی تفصیلات بھی فراہم کی جائینگی۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم چیمبر کے گرد سکیورٹی بڑھا دی گئی، عمران نے سپیکر کو طلب کرلیا جس کے بعد سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر وزیر اعظم ہائوس گئے جہاں انہوں نے عمران خان سے ملاقات کی اور موجودہ صورتحال پر مشاورت کی ۔