بیجنگ (اے پی پی) چین اور پاکستان کے سابق سفارتکاروں نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین سے پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچیں گے اور اس سے پاک چین دوستی و تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے ۔ یہ بات دونوں ممالک کے سابق سفارتکاروں اور ماہرین نے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ عسکری بینک کے چیف نمائندہ حسیب الرحمن کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ میں سابق سفارتکاروں نے بتایاکہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین ایک اہم کامیابی ہے ۔ چائنہ انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل سٹریٹیجک سٹڈیز کے سینئر مشیر سفیر لوشولین نے بتایاکہ وزیراعظم عمران اور چین کے صدر شی جن پنگ نے اقتصادی راہداری منصوبوں پر ایک جیسے خیالات کا اظہار کیا ہے اور دونوں رہنمائوں نے اس منصوبے کو دونوں ممالک کے مستقبل کے لئے اہم قرار دیا۔ پاکستان کے سابق سفیر کرامت اﷲ غوری نے بتایاکہ وزیرا عظم کا دورہ چین قابل تعریف ہے ۔ پاکستان کو درپیش اقتصادی مشکلات کے تناظر میں مشاورت کیلئے یہ دورہ کیا جو کامیاب رہا۔ اردو زبان کے معروف چینی شاعر پروفیسر ژانگ شی جوان جنہوں نے اردو میں اپنا نام انتخاب عالم رکھا ہے نے پاکستان اور چین کی عوام کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کو ثقافت اور ادب کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینا چاہیے ۔