اسلام آباد، ڈیرہ غازی خان،رحیم یارخان،صادق آباد،کوٹ سبزل (سپیشل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر ،سٹی رپورٹر،نامہ نگاران، نیٹ نیوز) جمعیت علمائے اسلام(ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن کے پلان بی پر عملدرآمد جاری ہے ۔ نوشہرہ، بنوں سمیت ملک کے کئی شہروں میں شاہراہیں تیسرے روز بھی بند رہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔اسلام آباد میں جے یو آئی کارکنوں نے 26 نمبر چونگی پشاور جی ٹی روڈ بند کیا،مظاہرین نے ٹریفک بلاک کرنے کے بعد نماز عصر ادا کی۔ڈیرہ غازی خان کی اہم شاہراہ انڈس ہائی وے بائی پاس چوک پرجمعیت علماء اسلام (ف) کے عہدیداران وکارکنان نے دھرنا دیا اور لاہور سے کراچی براستہ ڈیرہ غازی خان جانے والی ہر قسم کی ٹریفک کو بلاک کردیا جس سے پنجاب، سندھ میں زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ۔مولانا اقبال رشید ودیگر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قیادت کے حکم پر عمران خان کے استعفی تک یہ آزادی تحریک اور احتجاج جاری رہے گا ۔ ادھر جمعیت علماء اسلام (ف)کے کارکنوں نے کوٹ سبزل بائی پاس کے قریب دھرنا دیا ،اس موقع پر روڈ سے گزرنے والی چھوٹی گاڑیوں کو مقامی پولیس نے متبادل راستوں سے کراس کرایا جبکہ ہیوی ٹریفک جام ہو کر رہ گئی۔ ادھر ضلع رحیم یارخان میں سندھ پنجاب سرحد پرکوٹ سبزل کے مقام پر نماز عصر سے اذان عشا تک جاری رہنے والا دھرنا پر امن طور پر ختم ہو گیا، دھرنے کے شرکا نے کے ایل پی روڈ پر صفیں بچھا کر عمران خان کے خلاف نعرے لگائے ۔ جمعیت علمائے اسلام کے کارکن نوشہرہ، حکیم آباد میں جی ٹی روڈ پر آج بھی بیٹھے ہوئے ہیں، دھرنے کے باعث جی ٹی روڈ دونوں اطراف سے بند ہے ، سڑک کی بندش سے ٹریفک کو متبادل روٹ پر منتقل کیا گیا،جمعیت علماء اسلام ملاکنڈ ڈویژن کی جانب سے پُل چوکی کے مقام پر دھرنا تیسرے روز بھی جاری رہا، مرکزی امیر مولانا فضل رحمان اعلان کے باوجود دوسری بار بھی جلسہ گاہ نہ پہنچ سکے ، بارش کے باعث مظاہرین کے خیمے گر گئے ۔بنوں میں انڈس ہائی وے بند ہے ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اکرم درانی نے کہا قومی اسمبلی میں سپیکر اسد قیصر کی طرف سے ختم نبوت شقوں میں تبدیلی نہ کرنے کا اعلان آزادی مارچ کی کامیابی ہے ، ہم نے حکومت اور نااہل وزیراعظم کا غرور ختم کردیا ، وزیراعظم انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے پر راضی ہوگئے ۔ کندھ کوٹ میں بھی نیشنل ہائی وے پر کارکنوں نے دھرنا دیا ہوا ہے ، ٹریفک معطل ہے ، گھوٹکی میں بھی مظاہرین کی بڑی تعداد موجود ہے ۔کوٹ سبزل بائی پاس کے قریب احتجاجی دھرنا شروع ہونے سے مین قومی شاہراہ مکمل بند ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ژوب سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی جے یوآئی (ف) کے کارکنوں کا دھرنا جاری ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے ۔