اسلام آباد (وقائع نگار؍خبر نگار) الیکشن کمیشن نے وفاقی وزراء فواد چودھری اور اعظم سواتی سے الزامات کے ثبوت مانگنے کا فیصلہ کرتے ہوئے دونوں وزراء کی پریس کانفرنس کا پیمرا سے ریکارڈ طلب کرلیا، الزامات ثابت نہ کرسکے تو کارروائی کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کے زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا فواد چودھری اور اعظم سواتی کے الزامات کا جائزہ لیا گیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے وفاقی وزراء فواد چودھری اور اعظم سواتی کے الزامات مستردکردیئے ہیں اور دونوں کو نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نوٹس کے ذریعے فواد چودھری اور اعظم سواتی سے الزامات کے ثبوت مانگے جائیں گے ، دونوں وزراء اگر الزامات ثابت نہ کرسکے تو کارروائی کی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے دونوں وزرا کی پریس کانفرنس کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے اور ایوانِ صدر، سینٹ قائمہ کمیٹی کی کارروائی اور میڈیا بریفنگ سے متعلق ریکارڈ مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔واضح رہے قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ، ایسے اداروں کو آگ لگا دیں ۔ اسی دن شام میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر اپوزیشن کے آلہ کار کے طور پر کام کرنا چاہتے ہیں لیکن اگر انہیں سیاست کرنی ہے تو الیکشن کمیشن چھوڑ کر الیکشن لڑیں۔