اسلام آباد(خبر نگار)سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے ملزمان کی اپیلوں کی سماعت کے لئے لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کرتے ہوئے معاملہ چیف جسٹس کو بھیج دیا ہے ۔جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے منگل کو فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے مزید چار ملزمان کی سزا پر عمل در آمد روک کر قرار دیا کہ فوجی عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف ملزمان کی اپیلوں کو لارجر بنچ میں زیر سماعت لایا جائے گا۔ ملزمان شیر ،اسراراحمد، عمراورعبدالمجید کو فوجی عدالت نے دہشت گرد حملوں کے الزام میں سزائے موت سنائی تھی ۔ بنچ نے اپیلیں باقاعدہ سماعت کے لئے منظور کرکے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا جبکہ معاملہ چیف جسٹس کوبھجواتے ہوئے قرار دیا کہ اس سے قبل بھی چار ملزمان کی اپیلیں سماعت کیلئے منظورہوچکی ہیں ان تمام اپیلوں کو یکجا کرکے سماعت کے لئے لارجر بنچ تشکیل دیا جائے ۔ علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے پرائیوٹ سکولوں کی فیسوں کے معاملے کا جائزہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس بارے تمام ہائیکورٹس اور سپریم کورٹ کی رجسٹریوں میں زیر سماعت مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے ۔چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے نجی اسکولوں کی فیسوں سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔چیف جسٹس نے کہا نجی سکولوں کی فیسوں کا مسئلہ انتہائی اہم ہے ہم خود اس کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے ۔ دریں اثنا پریم کورٹ نے خواتین قیدیوں کی حالت زار سے متعلق کیس نمٹاتے ہوئے حکومت بلوچستان کو وفاقی محتسب کی دی گئی تجاویز پر عمل کرنے کا حکم دیا ہے ۔چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے خواتین قیدیوں کی حالت زار سے متعلق کیس نمٹا تے ہوئے حکم دیا کہ حکومت بلوچستان معاملے پر کمیٹی بنا کر وفاقی محتسب کی دی گئی تجاویز پر عمل کرے ۔ سپریم کورٹ نے انسانی اعضا کی غیرقانونی پیوندکاری سے متعلق کیس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کوکمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔