لاہور (خبرنگارخصوصی) لاہور چیمبر نے حکومت پر زور دیا ہے کہ خریداروں کے قومی شناختی کارڈ کی شرط اور فکسڈ ٹیکس کے معاملات پر تاجر برادری کے تحفظات فوری طور پردور کرے ، شرائط جبری طور پر نافذ کرنے کی وجہ سے کاروباری حالات خراب ہونگے جو کسی طرح بھی ملکی معیشت کے مفاد میں نہیں ہیں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ کاروبار چلیں گے تو معیشت چلے گی ۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر مطالبہ کیا کہ تاجروں کے لیے خریداروں کے قومی شناختی کارڈ نمبر لینے کی شرط فوری طور پر ملتوی کرے کیونکہ اس کی وجہ سے بہت زیادہ مسائل پیدا ہورہے ہیں، خریدار اور دکاندار دونوں ہی پریشان ہیں۔ لاہور چیمبر کے ممبران نے مزید کہا کہ کاروباری ماحول بہتر کرنے کے لیے فکسڈ ٹیکس کا مسئلہ بھی فی الفور حل کرنا ہوگا، حکومت اس سلسلے میں بھی تاجر برادری سے فوری مشاورت کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح بڑھانے کے لیے ایف بی آر اور تاجر برادری میں اچھے تعلقات ضروری ہیں ، اس کے لیے تاجروں کے قومی شناختی کارڈ کی شرط اور فکسڈ ٹیکس سے متعلق تحفظات فوری طور پر دور کرنا ضروری ہے ۔