اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وفاقی حکومت نے آئی ایم ا یف کو کہا ہے کہ موجودہ حالات میں بجلی کے نرخ نہیں بڑھا سکتے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات 13 فروری تک جاری رہیں گے ۔گزشتہ روز آئی ایم ایف اور وزارت توانائی کے درمیان پالیسی مذاکرات ہوئے ، اس دوران عالمی مالیاتی فنڈ کو کو وزارت توانائی کی کارکردگی اور اصلاحات پروگرام پر بریفنگ دی گئی۔ذرائع کے مطابق وزارت توانائی حکام کی جانب سے بجلی کے بلوں کی بہتری اور لائن لاسسز میں بہتری سے آئی ایم ایف وفد کو آگاہ کیا گیا۔ سیکرٹری توانائی نے آئی ایم ایف وفد سے کہا کہ ہم موجودہ حالات میں بجلی کے نرخ نہیں بڑھا سکتے اور بجلی کے نرخوں کو 18ماہ کے لیے منجمد کرنا چاہتے ہیں۔ آئی ایم ایف وفد کی طرف سے ٹیرف منجمد کرنے کی تجویز پر رد عمل نہیں دیا گیا۔سیکرٹری توانائی نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ صنعتی شعبے کے لیے بجلی کے ٹیرف کا پیکج لانا چاہتے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزارت توانائی اور آئی ایم ایف کی طرف سے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔مذاکرات کی کامیابی پرپاکستان کو 45کروڑ ڈالر کی اگلی قسط جاری کی جائے گی،پاکستان کو اب تک آئی ایم ایف سے ایک ارب 44 کروڑ ڈالرز قرضے کی دو قسطیں مل چکی ہیں۔