اسلام آباد،کراچی،پشاور(وقائع نگار خصوصی،خصوصی نیوز رپورٹر،سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر،خبرنگار،مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت نے 13اگست کو نومنتخب ارکان کی حلف برداری اور وزیراعظم کے انتخابات کے لئے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی سمری کی منظوری دیدی ۔اجلاس میں نومنتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے جس کے بعد سپیکراور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی اور وزیراعظم کا انتخاب ہوگا۔ اجلاس قائم مقام وزیراعظم کی جانب سے بھجوائی گئی سمری پر طلب کیا گیا ہے ۔ تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ارکان کی تعداد 180جبکہ پنجاب میں 186تک پہنچ چکی ،عمران خان پہلے ہی مرحلے میں آسانی سے وزیر اعظم منتخب ہوجائینگے ،گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے تحریک انصاف کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کردیا۔گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس 13اگست کوصبح دس بجے طلب کرلیا ،اجلاس میں نو منتخب ممبران اسمبلی سے حلف لیا جائے گا، حلف کے بعد سپیکر اورڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے اور جن کے انتخاب کے بعد وزیر اعلیٰ کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کئے جائیں گے ۔بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اگر 170 اراکین عمران خان کو منتخب کرتے ہیں تو دوسرے رائونڈ کی ضرورت نہیں ،عمران خان وزیراعظم ہاوس میں رہیں گے یا کسی اورجگہ ، اس پر مشاورت جاری ہے ،عمران خان 16 یا 17 اگست کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے ، پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور سپیکر کے نام عمران خان نے فائنل کر لیے ،الیکشن کمیشن کے رولز کے مطابق 21 دن کے اندر حلف اٹھانا ممکن نظر نہیں آتا۔ادھر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے تحریک انصاف کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کردیا۔گزشتہ روز کنگری ہائوس کراچی میں تحریک انصاف کے وفد نے جی ڈی اے کی قیادت سے ملاقات کی۔ پیر پگارا کا کہنا تھا کہ ہم ہر دکھ سکھ میں تحریک انصاف کے ساتھ ہیں،اس مرحلے پر پی ٹی آئی کے سامنے شرائط رکھنا اخلاق سے گری ہوئی بات ہوگی۔اس موقع پر شاہ محمو دقریشی کا کہنا تھا کہ حمایت کرنے پر جی ڈی اے کے مشکور ہیں، پی ٹی آئی کومینڈیٹ دینے پرکراچی کے شہریوں کاشکریہ ادا کرتے ہیں۔وزیراعظم،سپیکراورڈپٹی سپیکرکی حمایت کیلیے پیرصاحب کے پاس آئے ہیں۔مرکز،بلوچستان،خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی اتحادیوں کے ساتھ ملکرحکومت بنائے گی،پی ٹی آئی سندھ میں بھرپوراپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 12 اگست کو بلائے جانے کا امکان ہے ۔