اسلام آباد،کہوٹہ،لاہور،شیخوپورہ (سپیشل رپورٹر، نمائندہ 92نیو،خصوصی نمائندہ،ڈسٹرکٹ رپورٹر،92 نیوز رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قدرتی ماحول کے تحفظ کیلئے پاکستان کے ہر شہر کا ماسٹر پلان بنے گا جبکہ عیدالاضحیٰ پر سختی سے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمدکرنے کا حکم دیدیا۔گزشتہ روزسماجی رابطہ کہ ویب سایٹ پرٹویٹس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بدقسمت ہمسائے بھارت کے برعکس پاکستان ان خوش قسمت ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا کے اثرات کم ہونا شروع ہو گئے ہیں، ہسپتالوں خصوصاانتہائی نگہداشت کے شعبہ جات میں کورونا مریضوں کی تعداداورموات کی شرح میں بھی کمی آگئی ہے جبکہ ہمارا صحت کا نظام بہتر ہو گیا ہے ،یہ مثبت رجحان سمارٹ لاک ڈاؤن ،جزوی بندشوں کی ہماری حکمت عملی اورعوام کی جانب سے حکومت کی تجویزکردہ حفاظتی تدابیر اپنانے کا ثمر ہے ۔ اس مثبت رجحان کو جاری رکھنے کیلئے عیدالاضحیٰ پرسادگی اپنائی جائے تا کہ گزشتہ عید جیسی غلطی اور صورتحال دوبارہ نہ ہو۔ عیدالفطر پرجب ایس او پیز پس پشت ڈالے گئے تو نتیجتاً ہسپتال مریضوں سے بھرگئے ۔ قوم سے میری اپیل ہے کہ مثبت رجحان کے تسلسل کیلئے حفاظتی تدابیر پرعملدرآمدجاری رکھے ۔گزشتہ عید کی طرح ایس او پیز کی خلاف ورزی مت کریں۔ میں ایس او پیز کے سخت نفاذ کے احکامات صادر کررہا ہوں۔علاوہ ازیں وزیر اعظم آفس کے مطابق عمران خان سے معاون خصوصی برائے نیشنل سکیورٹی ڈاکٹر معید یوسف نے ملاقات کی جس میں علاقائی صورتحال اور کورونا پربیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ڈاکٹر معید یوسف نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک دنیا بھر میں 70 ملکوں سے 2لاکھ25 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جا چکا ہے ۔ مشکل کی گھڑی میں بیرون ملک پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے وزیر اعظم کے وعدے کو پورا کیا جا چکا ہے ۔وزیر اعظم نے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے حوالے سے انتظامات اور پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے کسی بھی کونے میں رہنے والا پاکستانی ہماری ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کو پورا کرنے کے حوالے سے ہر کوشش کرتے رہینگے ۔دریں اثنا وزیراعظم نے کہوٹہ میں پنجاڑ ریسٹ ہائوس میں پودالگاکر مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا،وزیرمملکت برائے ماحولیات زرتاج گل اورمشیربرائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم بھی انکے ہمراہ تھے ،اس موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ نوجوان اور طلبہ پاکستان کا مستقبل ہیں،وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔اللہ پاک نے پاکستان پر خاص کرم کیا ہے ،مجھے خوشی ہے یہاں موجود لوگوں نے ماسک پہنا ہوا ہے ،ماسک پہننے پر خراج تحسین پیش کرتاہوں،لاک ڈاؤن کی وجہ سے دنیا میں تباہی مچی ہوئی ہے ،ہمارے حالات دنیا سے بہت بہتر ہیں،بھارت میں ایک دن میں کورونا کے باعث700اموات ہوئیں، پاکستان میں اموات کاگراف نیچے گررہاہے ،پچھلی عید پرایس او پیرپرعمل نہیں کیا گیا،عیدالاضحیٰ پر ہمیں ایس او پیز پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ہم نے اپنے جنگلات کی قدرنہیں کی۔، پاکستان بدقسمتی سے دنیا میں وہ ملک ہے جہاں جنگلات بہت کم ہیں،اگر جنگلات نہ اگائے گئے تو بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑیگا۔آزادی سے اب تک 30نیشنل پارک تھے ،ہم نے مزید9 نیشنل پارک ڈیکلیئر کئے ہیں۔نیشنل پارک کی تعداد کو مزید بڑھائیں گے ۔ہماری حکومت نے 10 بلین ٹری منصوبہ شروع کیا ،دو سال میں ملک بھرمیں 30 کروڑ پودے لگائے گئے ،5 سال میں 10ارب درخت کے ٹارگٹ کے قریب پہنچ جائینگے ۔آئندہ سال جون تک ایک ارب درخت اگاچکے ہونگے ،جنگلات کے نگہبان 300سے بڑھا کر 3ہزار تک لے جارہے ہیں۔ٹمبر مافیا سے درختوں کو بچانا بھی نگہبانوں کی ذمہ داری ہوگی۔ہر سکول میں بچوں کو 2گھنٹے کلین اینڈ گرین پاکستان سے متعلق آگاہی دینگے ۔ لاہور میں آلودگی سے لوگوں کی صحت کو خطرات ہیں۔قدرتی ماحول کے تحفظ کیلئے پاکستان کے ہر شہر کا ماسٹر پلان بنایا جائیگا۔شہروں کے بے ہنگم پھیلائو سے قدرتی ماحول اور زراعت کے شعبہ پر اثرات مرتب ہوئے ہیں جس سے مستقبل میں خوراک کے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔ شہروں کے پھیلائو سے زرعی زمین ختم ہوتی جارہی ہے ،اناج کیلئے زمینوں کو بچانا بہت ضروری ہے ۔اس تناظر میں تمام چیف سیکرٹریز کو شہروں کے ماسٹر پلان تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے ،آئندہ 2سے 3ماہ میں شہروں کے ماسٹر پلان بن جائینگے جن کی روشنی میں شہروں کے انتظام کی منصوبہ بندی کی جائیگی۔اس موقع پر تقریب کے میزبان بریگیڈیئر ( ر ) جاوید ستی ، وفاقی حکومت کے ترجمان و ایم این اے صداقت علی عباسی ،چیئرمین آر ڈی اے راجہ طارق محمود مرتضیٰ ،ایم پی اے میجر لطاسب ستی ، ایم پی اے راجہ صغیر احمد ،صدر پی ٹی آئی خورشید احمد ستی ،سیکرٹری گوڈ گوورنس کرنل (ر) ظفر عباسی ،ایڈوئز جنگلات کمیٹی عنائت اللہ ستی ،صدر ایم سی کہوٹہ راجہ وحید احمد خان، یوتھ ونگ کے سردار ارشد مجیدسمیت دیگر محکموں کے اعلیٰ افسر ، سکول کے بچے بھی موجود تھے ۔اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کرینگے جس کے دوران وہ گورنر پنجاب چو دھری سرور اوروزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ون ٹو ون ملاقاتیں کرینگے ۔ وزیراعلیٰ صوبائی امور پر بریفنگ دینگے جبکہ راوی کنارے نیاشہربسانے اور تھل کینال پر بھی بریفنگ دی جائیگی۔وزیراعظم انٹرنیشنل برانڈ کی لانچنگ تقریب میں بھی شریک ہونگے اور مون سون شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگائیں گے اورشجر کاری میں جدید جاپانی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا بھی اعلان کرینگے جبکہ متعدد صوبائی وزرا بھی ملاقات کرینگے ۔ لاہور میں عمران خان اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت بھی کرینگے ۔صوبائی وزرا اور ارکان اسمبلی کے اعلیٰ سطح اجلاس میں وزیر اعظم کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی تبدیلی کی افواہوں کو مکمل طور پر رد کرنے کیلئے ایک مرتبہ پھر عثمان بزدار پر اعتماد کے اظہار کا اعلان بھی متوقع ہے ۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد وزیراعظم کو صحت ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پربریف کرینگی۔وزیر اعظم آج قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ ( قائد اعظم اپریل پارک ) کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔