اسلام آباد(نامہ نگار)مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن واضح پیغام ہے کہ آنے والا وقت کیسا آرہا ہے ۔پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے ضمنی الیکشن میں ووٹ دینے پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان کے عوام کا مشکور ہوں جنہوں نے ہماری توقعات سے بڑھ کر ہمیں فتح دی۔نواز شریف نے کہا پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ حکومت کے پہلے 50 دنوں میں ضمنی الیکشن کا اس طرح کا نتیجہ آیا اور الیکشن میں ہم نے پی ٹی آئی کی سیٹیں جیتی ہیں، پارٹی قیادت پر پابندیوں کے باوجود عوام نے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ ڈالا، میں جیل میں رہا، شہباز شریف جیل میں ہیں، سعد رفیق کے ساتھ جو سلوک ہورہا ہے ، وہ بھی سب کو پتا ہے ، مجھے اور شاہد خاقان عباسی کو غداری کے مقدمے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔نواز شریف نے کہا راولپنڈی کی نشست پر بھی ہماری فتح ہی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا ہماری حکومت میں 4 سال تک ڈالر کی قیمت میں استحکام رہا اور ڈالر 104 روپے سے بڑھا نہیں، مہنگائی نہیں تھی اور عوام خوش و مطمئن تھے ، ہم نے جانفشانی کے ساتھ اپنا فرض ادا کیا، لیکن موجودہ حکومت کے 50 دنوں میں ڈالر اور مہنگائی کی صورتحال سب کے سامنے ہے ۔سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ضمنی الیکشن پیغام ہے کہ آنے والا وقت کس طرح کا آرہا ہے ، جلد حالات بدل جائیں گے ، سب ملک کی خیر کیلئے دعائیں کریں۔نوازشریف سے مسلم لیگ (ن) بزنس فورم کے مرکزی صدر اشتیاق بیگ نے ملاقات کی اور بیگم کلثوم نواز کی وفات پر تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔قبل ازیں احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت آج تک ملتوی کردی گئی، آج بھی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ واجد ضیا کا بیان قلمبند کیا جائے گا۔احتساب عدالت میں نوازشریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت جج ارشد ملک نے کی۔ سابق وزیراعظم نوازشریف عدالت میں پیش ہوئے ۔پانامہ جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء نے کہاسپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو کچھ سولات دیئے تھے جن کا پتہ لگانا تھا، حسین نوازکی قائم کمپنی ہل میٹل سے متعلق بھی تفتیش کرنی تھی، طارق شفیع، شہبازشریف، نوازشریف،حسن اور حسین نواز کے بیانات ریکارڈ کئے گئے ۔استغاثہ کے گواہ نے کہا ریفرنس سے متعلق ایم ایل ایزکا جواب صرف یواے ای سے آیا۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے واجد ضیاء کی جانب سے طارق شفیع کا بیان حلفی پیش کرنے پراعتراض کرتے ہوئے کہا کہ طارق شفیع نہ اس کیس میں گواہ ہیں نہ ہی ملزم ۔واجد ضیاء نے کہا کہ مزید شواہد پیش کرنے میں 2 دن لگ جائیں گے ۔عدالت نے فلیگ شپ کیس کی مزید سماعت آج تک ملتوی کردی ۔