اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) نے 251.539 ارب روپے مالیت کے 9 بڑے منصوبوں کی منظوری دیدی۔ منظور شدہ پراجیکٹس میں گوادر۔رتوڈیرو سڑک منصوبہ، انٹرنیشنل سکالرشپ فیزون برائے ماسٹر وپی ایچ ڈی پروگرام کے ذریعہ ایڈوانسڈسکلزڈویلپمنٹ، گریٹرکراچی واٹرسپلائی سکیم (K-IV) 260 ایم جی ڈی فیز ون، بلوچستان میں 100 ڈیموں کی تعمیر پیکج چار (23 ڈیم)اور سی پیک روٹ کے ساتھ پاک چائنا آپٹیکل فائبرکیبل پراجیکٹ فیزٹو برائے سرحدپار نیٹ ورک (خنجراب تا کراچی) جیسے اہم منصوبے شامل ہیں۔ اجلاس وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت ہوا، وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر، وزیرصنعت وپیداوارحماداظہر، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، مشیر ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹرعشرت حسین اوروفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیارنے شرکت کی۔اجلاس میں گوادر۔رتوڈیرو سڑک منصوبہ کی منظوری دی گئی، منصوبہ پر38.026 ارب روپے کی لاگت آئیگی، منصوبہ کے تحت رابطہ سڑکوں کے ذریعہ سی پیک کے پراجیکٹس تک رسائی کوممکن بنایا جائیگا۔اجلاس میں انٹرنیشنل سکالرشپ فیزون برائے ماسٹر وپی ایچ ڈی پروگرام کے ذریعہ ایڈوانسڈ سکلز ڈویلپمنٹ کے 13.361ارب کے منصوبے کی منظوری دی گئی، ہائیرایجوکیشن کمیشن عمل درآمد کرے گا۔ سی پیک روٹ کے ساتھ پاک چائنا آپٹیکل فائبرکیبل پراجیکٹ فیزٹو برائے سرحدپار نیٹ ورک (خنجراب تا کراچی) کے منصوبہ پر 37.915 ارب روپے کی لاگت آئیگی، اس منصوبہ سے بین الاقوامی رابطہ کاری کیلئے چین کے ساتھ شمال میں متبادل رابطہ کی سہولت فراہم ہوگی۔اس منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان علاقائی رابطہ کاری کے ڈیجیٹل گیٹ وے میں تبدیل ہوجائیگا۔اجلاس میں کوویڈ 19 رسپانس و دیگرقدرتی آفات پرقابوپانے کے منصوبہ کی منظوری دی گئی۔