اسلام آباد(سٹاف رپو رٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف اطہرمن اللہ کی عدالت نے وفاقی دارالحکومت میں جنرل ویٹنگ لسٹ کے علاوہ سرکاری گھروں کی الاٹمنٹ روکتے ہوئے سی ڈی اے سمیت دیگرفریقین سے 2ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔ سی ڈی اے کے 5ملازمین کی درخواست پر عدالت نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ سماعت تک کسی سرکاری ملازم کو جنرل ویٹنگ لسٹ کے سواسرکاری رہائش الاٹ نہ کی جائے ، عدالت نے کہاکہ سی ڈی اے ملازمین نے الزام لگایا ہے کہ جنرل ویٹنگ لسٹ میں رشتہ داروں کونوازا گیا ،درخواست گزار کے وکیل کاشف ملک نے کہاکہ جنرل ویٹنگ لسٹ میں من پسند افراد کو غیر قانونی طور پر اوپر رکھا گیا ہے ۔عدالت نے کہاکہ پٹیشنر کا کیس یہ ہے کہ الاٹمنٹ من مانی یا صوابدیدی اختیارات کے تحت نہیں کی جاسکتی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایس ای سی پی ارسلان ظفر کی درخواست میں ایس ای سی پی کو آئندہ سماعت تک درخواست گزار کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تفصیلی جواب طلب کرلیا۔