کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ایک روزہ تیزی کے بعد کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو پھر مندی چھاگئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس 39ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 1162.44پوائنٹس کی کمی سے 38219.67پوائنٹس کی سطح پرآ گیا جب کہ74.64فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کوایک کھرب 85ارب97کروڑ10لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا،اورکاروباری حجم بھی جمعرات کی نسبت28.25فیصدکم رہا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کوٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز کی فروخت کا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی اور کے ایس ای100انڈیکس 39ہزار کی نفسیاتی حدبرقرار نہ رہ سکی ،ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس38124 پوائنٹس کی نچلی سطح پرآ گیا بعد میں معمولی ریکوری آئی لیکن مندی کا رجحان غالب رہا اور مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 1162.44پوائنٹس کی کمی سے 38219.67 پوائنٹس پر بند ہوا ۔اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس696.71پوائنٹس کی کمی سے 17385.40پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 670.94پوائنٹس کی کمی سے 26557.85پوائنٹس پربندہوا ۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر355کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 67کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ265 میں کمی جبکہ23 میں استحکام رہا۔