اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)سری لنکا کے دورے پر گئے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے سری لنکا کے وزیر اعظم رانیل وکرماسنگھے سے ملاقات کی جس میں مسئلہ کشمیر ودیگر دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سلیم مانڈی والا نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے ۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔ سری لنکا کے ساتھ تعلیم اور سیاحت کے شعبوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں ۔ سری لنکا کے طالب علموں کو میڈیکل سکالرشپس فراہم کیے جاسکتے ہیں ۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے سری لنکا کے سپیکر پارلیمنٹ سے بھی ملاقات کی ،ملاقات میں پارلیمانی روابط کو مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔