اسلام آباد (این این آئی)آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے پارلیمان کی کشمیر کمیٹی پر زور دیا ہے کہ وہ ملکی سطح پر تمام سیاسی قوتوں کو مسئلہ کشمیر پر یکجا کر کے ایک سیاسی ہم آہنگی کی فضا پیدا کرے اوردنیامیں تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے تمام رسمی اور غیر رسمی سفارتی ذرائع کو استعمال کرے ۔ گزشتہ روزصدرآزادکشمیرنے چیئرمین کشمیرکمیٹی شہریارآفریدی سے گفتگو میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے ، بھارت مقبوضہ ریاست کی آبادی کے تناسب کر تبدیل کرنے کے لئے ایسے اقدامات اٹھار ہا ہے اگر اس کا راستہ بروقت نہ روکا گیا تو آنے والے سالوں میں ریاست کی سیاسی اور جغرافیائی ہیت مکمل طور پر تبدیل ہو جائے گی۔ اس موقع پرچیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے اور اس مقصد کے لئے انہیں کشمیری قیادت خاص طور پر صدر ریاست کی رہنمائی کی ضرورت ہے ۔