اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی،صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے مریم نواز کی پارٹی عہدے سے نااہلی سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا جو آج11 بجے سنایا جائے گا۔الیکشن کمیشن میں مریم نواز کی پارٹی عہدے سے نااہلی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ وکیل حسن مان رائے نے کہا سیکشن 203 کو آرٹیکل 62 اور 63 کے ساتھ ملا کر پڑھ جائے ، حسن نواز پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے عہدے سے اسی اصول پر فارغ ہوئے ، جو شخص رکن پارلیمنٹ بننے کیلئے نااہل ہے وہ پارٹی عہد ے کیلئے بھی نااہل ہے ، سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ سیکشن 203 ایک شخص کو فائدہ پہنچانے کیلئے بنایا گیا۔وکیل (ن) لیگ نے کہا کئی پارٹیوں کا سربراہ صدر ہوتا ہے کچھ کا چیئرمین یا امیر مگر اصل چیز تو اختیار اور طاقت ہے جو نائب صدر کے پاس نہیں، سپریم کورٹ نے بھی اپنے فیصلے میں ہر جگہ پارٹی سربراہ کا ذکر کیا، تحریک انصاف کے رہنمائوں کی پٹیشن مسترد کی جائے ۔ادھر چیف الیکشن کمشنر نے تحریک انصاف کے دو ارکان قومی و پنجاب اسمبلی کی نااہلی کی درخواست کی سماعت کی ۔این اے 174 بہاولپور سے ایم این اے سمیع الحسن گیلانی اور پی پی 254سے افتخار گیلانی پیش ہوئے ۔ درخواست گزاروں کی عدم پیشی پر کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔ادھرالیکشن کمیشن نے آل پاکستان مسلم لیگ کے خلاف درخواست میں اے پی ایم ایل کے صدر،سیکرٹری جنرل سے جواب طلب کرلیا۔