اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی،این این آئی) پاکستان میں چینی سفیر یاؤ جنگ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، اقتصادی راہداری اوردیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان چین کی مضبوط حمایت و امداد پر چین کا شکر گزار ہے ۔ راہداری پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے بہت اہمیت کی حامل ہے ۔ اس موقع پر چینی سفیر نے کہا چین پاکستان دوستی دونوں ملکوں کے عوام کے دلوں میں جڑ پکڑ چکی ہے ۔ علاوہ ازیں قطر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا وزیراعظم مزید پاکستانی افرادی قوت قطر بھجوانے پر بات کریں گے ،وزیراعظم کے دورہ سے پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت دینے میں مدد ملے گی۔پاکستان افغانستان میں مصالحتی عمل میں قطر کے کردار کو سراہتا ہے ۔وزیراعظم کی دورہ کے دوران قطر کی قیادت سے افغان امن عمل کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔