اسلام آباد(خبرنگار خصوصی، اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان خلا کا پرامن استعمال چاہتا ہے ، پاکستان کو اپنے سیٹلائٹس بنانے ہیں اور ہمیں خودانحصاری کی منزل حاصل کرنا ہوگی۔ پاکستانی قوم مضبوط عزم کی حامل ہے اور وہ کسی بھی چیلنج پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔اعلی اخلاقی اقدار اور علم کی بنیاد پر ہم کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ گزشتہ روزیہاں سپیس اینڈ اپر ایٹما سفیئر ریسرچ کمیشن ، سپارکو کے زیراہتمام بین الاقوامی سپیس کانفرنس سے خطاب میں صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان ٹیکنالوجی کے میدان میں بڑی کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، ٹیکنالوجی کا استعمال انسانیت کی ترقی کیلئے ہونا چاہئے ، بھارت کی طرف سے میزائل پاکستان آنا انتہائی غیرذمہ دارانہ فعل ہے ، غیرذمہ دارانہ اقدامات کسی بھی بڑی تباہی کا باعث بن سکتے ہیں، ہماری پہلی ترجیح ملکی دفاع کو مستحکم بنانا ہے ۔انہوں نے کانفرنس میں شریک غیرملکی مندوبین کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خلائی ٹیکنالوجی کو پرامن مقاصد کیلئے استعمال کرے گا، بعض ممالک نے سیٹلائٹ تباہ کرنے کے تجربے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خلا میں سیٹلائٹ بھیجنے کیلئے سپارکو کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک نے 1974 میں ایٹمی تجربہ کیا جس پر ہمارے سائنسدانوں نے 7 سال میں ڈیٹرنس تیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے خلائی تحقیق اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے ، پاکستان کے خلائی تحقیق کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ناگزیرہے ۔ چیئرمین سپارکو میجر جنرل (ر) عامر ندیم نے خطاب میں کہا کہ سپارکو ملکی خلائی ایجنسی کی حیثیت سے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے ۔ تین روزہ کانفرنس میں دنیا کے مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے شرکت کی۔