اسلام آباد (این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے سب جماعتوں کو اکٹھا ہونے کی اپیل کر تے ہوئے کہاہے کہ قومی ایشوز پر سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنا چاہیے ،مجھے امید ہے قومی ایشوز پر تمام جماعتیں ایک پیج پر آئیں گی ۔ گزشتہ روزمیڈیا سے گفتگو میں سپیکر اسد قیصر نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر نے بھی میثاق معیشت کے حوالے سے بات کی تھی ،میں نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی پیشکش کے بعد وزیر اعظم عمران خان سے بات کی۔ انہوں نے کہاکہ کچھ ایشوز ایسے ہوتے ہیں جو قومی مسائل ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ قومی ایشوز پر سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنا چاہیے ، مجھے امید ہے کہ قومی ایشوز پر تمام جماعتیں ایک پیج پر آئیں گی ۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن نے پیشکش کی تھی جس کا حکومت نے مثبت جواب دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تمام جماعتوں سے اپیل ہے کہ قومی مسائل پر مل بیٹھ کر بات کریں۔ دریں اثناسپیکر قومی اسمبلی سے افغان رہنما گلبدین حکمت یار نے ملاقات کی جس میں پاک افغان تعلقات اور خطے کی سیاسی ، معاشی صورتحال پر اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔سپیکرنے افغان رہنماسے گفتگو میں کہا کہ پاکستان ایک پر امن ، خوشحال اور مستحکم افغانستان دیکھنے کا خواہاں ہے ۔گلبدین حکمت یارنے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ دریں اثنا سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جمہوریہ چیک کے پارلیمانی وفد سے گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان میں موجود جمہوریہ چیک کی سرمایہ کار کمپنیوں کی کارکردگی قابل تعریف ہے ۔