اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،آن لائن) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہاہے کہ ملکی معیشت کی ترقی کے لئے برآمدات میں اضافہ ضروری ہے جبکہ کراچی کی بندرگاہیں اور نقل و حمل کی سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کی تعمیرو ترقی کے لئے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی، گورنر سندھ عمران اسماعیل، متعلقہ وفاقی و صوبائی سیکرٹری صاحبان و دیگر سینئر افسران شریک تھے ۔وزیرِ اعظم کو سندھ کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 162 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کی تنظیم نو اور استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ ترقیاتی منصوبوں پر بروقت عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے ۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ کراچی میں پانی صاف کرنے خصوصاً سیوریج اور آبی آلودگی کے مسئلے پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کے برآمدات میں اضافہ جبکہ برآمدات میں اضافے کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے کہ کراچی کی بندرگاہیں اور نقل و حمل کی سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کی تعمیرو ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے ضمن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے حوالے سے پرعزم ہے ۔دریں اثنازیراعظم سے پاکستان میں ایران کے سفیر سیّد محمد علی حسینی نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے بلدیاتی اداروں میں شعبہ بزنس کو دو حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے کاروبار کرنے کے نئے لائسنس کے اجراء کی منظوری دیتے ہوئے شعبہ آئی ٹی کو لائسنس کا ڈیزائن تیار کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔