لاہور؍اسلام آباد؍کراچی(اپنے رپورٹر سے ؍سپیشل رپورٹر؍خبرنگار خصوصی؍نمائندگان)ملک بھر میں 72واں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا گیا،دن کا آغاز مساجد میں ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائوں سے ہوا،وفاقی دارالحکومت میں 31،صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں کو سبز ہلالی پرچموں اور سبز روشنیوں سے سجایا گیا، تقاریب اور سیمینارز کا اہتمام کیا گیا۔کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے فرائض سنبھال لئے ۔قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی نے نگران وزیر اعلیٰ فضل الرحمن اور کابینہ ارکان کے ساتھ مزار قائد پر حاضری دی۔لاہور میں شاعرمشرق علامہ اقبال کے مزار پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جس میں پارک آرمی کے چاق و جوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے ۔کنونشن سنٹر اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ ترقی یافتہ،مضبوط اور جمہوری پاکستان ہی ہماری منزل ہے ،پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی امید اور اﷲ کی ایک نعمت ہے جس کے قیام کیلئے ہمارے بزرگوں نے منفرد تحریک چلائی اور بے مثال قربانیاں دے کر یہ ملک حاصل کیا،بعد میں آنے والوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس ملک کو بانیانِ پاکستان کے خوابوں کے عین مطابق بنائیں اور سنواریں، اس مقصد کیلئے قوم کے مختلف طبقات کے درمیان خوشگوار تعلقات ، ہم آہنگی اور بھائی چارے کی ضرورت ہے ، یہ کام فتح مکہ کے عظیم دن کی طرح پرانی تلخیاں ، صدمات اور کدورتیں بھلا کر اور مستقبل کی منصوبہ بندی کر کے شاہراہ ترقی پر گامزن ہوکر ہی ممکن بنایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا پاکستان کے عوام نے 25جولائی کو پرجوش طریقے سے اس اصول پر ایک بار پھر مہرِ تصدیق ثبت کر دی ہے کہ ملک عوام کی مرضی سے وجود میں آیا تھا،اس کی قسمت کے فیصلے بھی ووٹ کی پرچی سے ہوں گے ، پاکستان کے عوام اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ ان کے نمائندے وہی ہو سکتے ہیں، جنھیں وہ منتخب کریں، دعا ہے کہ پاکستان کی خدمت کرنے والوں کو آسانیاں عطا ہوں۔ انہوں نے کہا پاکستان اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی سیاسی واخلاقی حمایت ہمیشہ کی طرح جاری رکھے گا۔این این آئی کے مطابق صدر مملکت نے کہا ہم ابھی مکمل طور پر منزل تک نہیں پہنچ سکے ، ان رکاوٹوں پرغور کرنے کی ضرورت ہے جن کی وجہ سے مسائل درپیش رہے ،پاکستان کو سیاسی اور سماجی مشکلات سے نکالنے کیلئے ایک ہونے کی ضرورت ہے ، ملک کے اجتماعی فیصلوں کے لئے اداروں کو بااختیار بنانا ناگزیر ہے ۔اس موقع پر نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصرالملک، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، شاہ محمود قریشی، غیر ملکی سفارتکاروں،تینوں مسلح افواج کے سربراہان، نگران وزرائعلی ظفر، عبداﷲ ہارون و دیگر بھی موجود تھے ۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے شاہی قلعہ کے تاریخی عالمگیری گیٹ پر پرچم کشائی کی اور علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔حضوی باغ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبالؒ کے افکار اور تعلیمات پر عمل کرنا وقت کا تقاضا ہے ، ہم بحیثیت قوم تحریک پاکستان کے عظیم ہیروز کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے ۔پنجاب اسمبلی میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر راناا قبال نے کہا کہ آج کے دن ہمیں ناکامیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی منزل پر پہنچنے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دینا چاہئے ۔روشن بلوچستان الائنس کی مستونگ سے ریلی کوئٹہ پہنچنے پر بھرپور استقبال کیا گیا، ریلی میں 3کلو میٹر طویل قومی پرچم بھی لہرایا گیا۔حسن ابدال، ننکانہ صاحب میں سکھ کمیونٹی نے جشن آزادی منانے کے لئے شاندار تقاریب کا انعقاد کیا۔مسیحی برادری کی جانب سے دادو میں جشن آزادی کی پروقار تقریب کا اہتمام کیا ۔موٹروے پولیس کی جانب سے بھی مختلف مقامات پر پرچم کشائی کا تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ملک بھر کی طرح مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب ہوئیں۔بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کے ہائی کمشنرسہیل حمید نے شرکت کی،واشنگٹن، ماسکو،بیجنگ،لندن، کولمبو،ٹوکیو،کوالالمپور اور دیگر ممالک میں پاکستان کے سفارتخانوں میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب ہوئیں۔پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کی گئی۔ ٹوئٹر پر بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد کے ’انڈیا ان پاکستان‘ کے نام سے موجود آفیشل اکائونٹ پر جاری پیغام میں یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی گئی۔پیغام میں کہا گیا کہ یہ دن ہمیں جمہوری، پرامن اور خوشگوار خطے کیلئے کی گئی ہماری مشترکہ جدوجہد کی یاد دلاتا ہے ۔ واہگہ بارڈر اور گنڈا سنگھ بارڈر پر پرچم اتارنے کی روایتی تقاریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر فضا اﷲ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، ان تقریبات میں پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔پاکستان رینجرز کی طرف سے بھارتی بارڈر فورسز کو مٹھائی پیش کی گئی۔ طورخم بارڈر پر کمانڈنٹ خیبر رائفلز فرخ ہمایوں نے افغان سکیورٹی فورسز کو مٹھائیاں اور گلدستے پیش کئے جبکہ افغان فورسز نے تحفے میں ڈرائی فروٹ پیش کئے ۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں پرہماری بھرپور توجہ ہے ، وہیں تعمیر ملت کے اقدامات کے ذریعے ملکی خوشحالی کے لئے کام کرنا ہمارا مقدس فریضہ ہے ۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد دی گئی ہے ۔مسلم لیگ(ن) کے قائد نوازشریف ، صدر شہباز شریف،پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد دی ہے ۔