اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،92نیوزرپورٹ)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمہ کیلئے پرعزم ہے ، پاکستان میں مکمل امن واپس آئے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں ان کا کورکمانڈرلیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے استقبال کیا۔آرمی چیف کو سکیورٹی صورتحال، نئے قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے نئے انضمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی تعریف کی اور سکیورٹی فورسزکی جانب سے سازگار ماحول کی فراہمی پراطمینان کا اظہار کیا۔آرمی چیف نے کہایہ منصوبے قبائلی اضلاع میں دیرپا ترقی اوراستحکام انتہائی ضروری ہے ۔آرمی چیف ، گورنر کے پی اور صوبائی وزرانے کیپٹن سعداورلانس نائیک ریاض شہید کی نمازجنازہ میں بھی شرکت کی۔اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا شہدا کی فروغ امن کیلئے قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔